انڈونیشیا: چیئر لفٹ کے حادثے میں 5 افراد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) انڈونیشیا کے صوبے بالی میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں چیئر لفٹ کے حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کو بالی میں سیاحوں کے مشہور ریزورٹ ایوترا پر چیئر لفٹ کی اسٹیل کیبل ٹوٹنے سے حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک افراد میں 2 مرد اور تین خواتین شامل ہیں جوکہ ایوترا میں ہی ہوٹل میں کام کرتے تھے، حادثے میں ہلاک افراد کی عمریں 19 سے 24 سال کے درمیان ہیں۔
حادثے سے کچھ منٹ قبل کی لفٹ کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں پانچوں افراد کو لفٹ میں اوپر جاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ لفٹ اسٹیل کی کیبل کی مدد سے ٹریک پر چلتی ہے تاہم 100 میٹر کی بلندی پر پہنچ کر اس کی اسٹیل کی کیبل اچانک ٹوٹ گئی اور لفٹ نیچے آگری۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ اسٹیل کیبل اتنی مضبوط نہیں تھی کہ وہ 5 افراد کا وزن اٹھا سکے ، تاہم واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
مزید پڑھیں: سرکاری کمپنیز کو وزارت خزانہ کے ماتحت کیا جائے، آئی ایم ایف کا حکومت سے مطالبہ
رپورٹ کے مطابق ہلاک افراد کے اہل خانہ کو سوشل سکیورٹی اور ریزورٹ کے مالکان کی جانب سے اموات کے بعد20 ہزار ڈالرکی ادائیگی کی گئی ہے۔