پی ڈی ایم اجلاس، نوازشریف نے نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ کردیا

Mar 08, 2021 | 21:41:PM
پی ڈی ایم اجلاس، نوازشریف نے نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)مسلم لیگ ن کے قائداورسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے پی ڈی ایم اجلاس میں نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ رکھ دیا،ان کاکہناتھاکہ ووٹ کی عزت کی بحالی ہمارا اصل مقصد ہے، نئے انتخابات شفاف کروانے سے ووٹ کو عزت ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس ہوا، جس میں بلاول بھٹو زرداری، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، قمر زمان کائرہ، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماﺅں نے شرکت کی۔سابق وزیر اعظم نواز شریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اجلاس میں نئے انتخابات کروانے کا مطالبہ رکھ دیا، انہوں نے کہاکہ لانگ مارچ کریں، استعفیٰ دیں اور نئے انتخابات ہوں، میرا مقصد صرف مسلم لیگ ن کی حکومت بنانا نہیں۔ اگر مسلم لیگ ن کو اکثریت بھی ملی تو فیصلے پی ڈی ایم کرے گی، اگر شفاف انتخابات ہوئے تو وزیر اعظم کا نام بھی پی ڈی ایم دے۔
ذرائع کے مطابق قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے اجلاس میں دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہاکہ پی ڈی ایم تحریک اپنا مقصد بھول رہی ہے، ہمیں اپنے مقصد کو سامنے رکھنا چاہے۔
ذرائع کاکہناہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے میاں نواز شریف سے پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے پر مدد مانگ لی،نواز شریف نے جواب دیتے ہوئے کہاکہ تحریک عدم اعتماد پنجاب اور وفاق میں ہمارا مقصد نہیں،مولانا فضل الرحمن نے میاں نواز شریف کے موقف کی تائید کر دی۔
قائد ن لیگ نے کہاکہ تحریک عدم اعتماد یا ان ہاؤس تبدیلی ہمارا مقصد نہیں تھا نا ہے، نوازشریف نے سوال کرتے ہوئے کہاکہ اداروں کیساتھ ملکر کیا ہم بھی وہی کام کریں جو پی ٹی آئی کررہی ہے؟،ہمیں اپنے اصول کے مطابق عوام کو انکے ووٹ کا حق دلانا ہوگا۔