دنیا کی منفرد خاموش بارات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Jan 08, 2024 | 12:55:PM
دنیا کی منفرد خاموش بارات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)شادی ہو اور ڈھول، باجے، گانا، شور شرابہ نہ ہو ایسا کیسے ممکن ہے لیکن بھارت میں ایسی منفرد خاموش بارات ہوئی جس کے شرکا سناٹے میں ناچتے رہے۔

شادی انسان کی زندگی کا اہم ترین دن ہوتا ہے جس کے لیے خاص اہتمام کیے جاتے ہیں۔ شادی کی تقریبات کا سب سے اہم دن بارات کا ہوتا ہے جب دولہا سج دھج کر اپنی دلہن لینے باراتیوں کے ساتھ سسرال جاتا ہے اور یہ بارات بالخصوص پاکستان اور بھارت میں ڈھول، باجوں، گانے اور شور شرابے کے ساتھ نکالی جاتی ہے۔

تاہم بھارت میں گزشتہ دنوں ایسی بارات نکالی گئی ہے جس میں باراتی ہلہ گلا اور رقص تو بھرپور کر رہے ہیں لیکن منظر بالکل خاموش ہے اور وہاں نہ گانے کی آواز اور نہ باجے بجائے جا رہے ہیں۔ اس انوکھی بارات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، اس منفرد بارات کی ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ایک بھارتی انفلوئنسر شیوانگی نے شیئر کی جس میں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ بارات میں شریک ہیں اور کانوں پر ہیڈ فون لگائے خوب ڈانس کر رہی ہیں۔

اس بارات میں صرف شیوانگی اور ان کے دوست ہی نہیں بلکہ دیگر باراتیوں نے حتیٰ کہ دولہا نے بھی ہیڈ فون لگا رکھا ہے تاہم دولہا میاں گھوڑے پر سوار ہیں جب کہ تمام نیچے تمام باراتی رقصاں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:غریب عوام کیلئے ایک اور مشکل، تندور مالکان نے بھی نان روٹی کے نرخ بڑھا دیئے

  شیوانگی شِیوہارے نے اپنی اس ویڈیو کو "نئے عہد کی خاموش بارات"کا عنوان دیا ہے ساتھ ہی پوسٹ میں لکھا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں "اے دل ہے مشکل" کی ڈی جے پارٹی میں شریک ہوں گی, انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے استفسار کیا کہ کیا آپ بھی ایسی کسی پارٹی میں شریک ہونا چاہیں گے؟

یہاں واضح رہے کہ 2016 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم "اے دل ہے مشکل" میں ایک ایسا ہی سین شامل کیا گیا تھا جس میں رنبیر کپور اور انوشکا شرما نائٹ کلب میں ہیڈ فون لگا کر خاموشی سے ڈانس کرتے ہیں۔

یہ دلچسپ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی اور اب تک ساڑھے 7 لاکھ افراد دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ اس پر اچھوتے اور دلچسپ تبصرے بھی کیے جا رہے ہیں۔

جیسا کہ نیکتا سینگر نے اس بارات سے مثبت پہلو ڈھونڈتے ہوئے تبصرہ کیا کہ یہ شور کی آلودگی سے لوگوں کو بچا رہے ہیں جب کہ کچھ صارفین کو تشویش بھی ہوئی کہ اگر یہ سب رائج ہو گیا تو پھر ڈھول باجے والے کیا کریں گے اور گلی میں بارات کی آواز سن کر گھر میں ناچنے والوں کا کیا ہوگا۔

ایک صارف شرے سنگھ نے تبصرہ کیا کہ اس طرح سے رستے میں خاموش ماحول میں ناچنے پر لوگ پاگل ہی سمجھیں گے۔