شیخ رشید کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور

Feb 08, 2023 | 15:06:PM
جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے شیخ رشید کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔ پولیس سربراہ عوامی مسلم لیگ کو لیکر مری چلے گئی
کیپشن: شیخ رشید
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت نے شیخ رشید کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کرلیا۔ عدالت نے شیخ رشید کو کل دو بجے تک متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس سابق وفاقی وزیر کو لیکر مری چلے گئی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں سابق وفاقی و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی راہدری ریمانڈ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ شیخ رشید کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔

جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کیا مری پولیس اس سے پہلے راہداری ریمانڈ مانگ چکی ہے ؟ جس پر تفتیشی افسر تھانہ مری نے جواب دیا کہ نہیں، پہلی بار استدعا کر رہے ہیں۔

شیخ رشید روسٹرم پر آگئے اور عدالت کو بتایا کہ میں نے کسی پولیس والے پر گن نہیں نکالی، میری تھانہ مری میں درج مقدمے میں پیشی ہو چکی ہے، مجھ سے جیل میں تھانہ مری میں درج مقدمے میں تفتیش ہو چکی ہے، مری پولیس نے گھنٹوں مجھ سے تفتیش کی ہے، تمام کام آبپارہ پولیس نے کیا، مری، لسبیلہ اور کراچی پولیس معصوم ہے، میرے پیسے، موبائل اور گھڑیاں پولیس نے نکال لیں، میرے موبائل میں کسی بھارتی یا راء کے ایجنٹ کا نمبر نہیں، میرے موبائل میں صحافیوں کے نمبر ہیں۔

جج نے استفسار کیا راہداری ریمانڈ مسترد ہونے کے فیصلے کی کاپی ہے ؟ جس پر مری پولیس نے کہا کہ کوئی فیصلہ جاری نہیں ہوا، زبانی کلامی بات ہوئی۔

شیخ رشید کے وکیل نے راہداری ریمانڈ کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شیخ رشید کے راہداری ریمانڈ کی استدعا پہلے بھی مسترد کی جا چکی۔ جس پر تفتیشی افسر نے کہا کہ راہداری ریمانڈ کی پہلی استدعا طریقہ کار درست نہ ہونے پر مسترد ہوئی تھی۔

وکیل علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، جس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہو وہ تفتیش نہیں کرسکتا، اگر کہہ دیا کہ سولہ دفعہ وزیر رہے ہیں تو اس میں کیا ہو گیا، سوال یہ ہے کہ کیا ڈیوٹی جج سفری ریمانڈ دے سکتی ہیں ؟۔

شیخ رشید وکیل نے کہا کہ مری پولیس کل سفری ریمانڈ لے سکتی تھی کیوں نہیں لیا گیا، اسلحہ لے گئے جس کا لائسنس موجود تھا، اب انہوں نے کیا برآمد کرنا ہے؟ کیا متعلقہ انتظامیہ کو گرفتاری سے متعلق آگاہ کیا گیا ؟ راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد ہو چکی دوبارہ نہیں مل سکتا، مری پولیس نے راہداری ریمانڈ مسترد ہونے پر اپیل دائر نہیں کی۔

عدالت میں پیشی سے قبل شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنی جان دے دوں گا لیکن ہمدردیاں نہیں بدلوں گا۔