پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے: وزیراعظم 

Jun 07, 2021 | 19:27:PM
پولیو سے پاک پاکستان ہمارا مشن ہے: وزیراعظم 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کاکہناہے کہ پورے ملک میں صرف ایک پولیو کیس کا رپورٹ ہونا اہم کامیابی ہے تاہم ہمارا مشن پاکستان کو پولیو سے مکمل نجات دلانا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکتا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزرا اعلیٰ سردار عثمان بزدار، سید مراد علی شاہ، محمود خان، محمد خالد خورشید، معاونین خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان، ڈاکٹر شہباز گل، انجینئران چیف پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، صوبائی چیف سیکرٹریز، وزارت صحت اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
 اجلاس کو بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی موثر حکمت عملی کی بدولت ابتک اس سال پورے ملک میں بلوچستان سے صرف ایک پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔ کورونا وبا کی وجہ سے انسداد پولیو مہم سست روی کا شکار ہوئی۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پنجاب، سندھ اور خیبر پختونخوا کے کئی اضلاع میں ابھی بھی پولیو وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ یہ بتایا گیا کہ رسائی، سکیورٹی اور والدین کے عدم تعاون کی وجوہات کی بنا پر ہر مہم میں کثیر تعداد میں بچے پولیو قطروں سے محروم رہ جاتے ہیں۔ 
اجلاس کو بتایا گیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بھر پور استعمال کیا جا رہا ہے جس میں جغرافیائی انفارمیشن سسٹم اور ٹریکنگ بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ بل و ملینڈا گیٹس فاونڈیشن کے پولیو نگرانی بورڈ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلیس نے حکومت پاکستان اور وزیر اعظم کو انسداد پولیو مہم میں اہم سنگ میل عبور کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ صوبائی وزرا اعلیٰ نے اپنے متعلقہ صوبوں میں انسداد پولیو کے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی حکومتوں اور انسداد پولیو مہم میں شریک تمام شراکت داروں کو خصوصی مبارکباد دی۔
 وزیر اعظم نے کہا کہ پورے ملک میں صرف ایک کیس کا رپورٹ ہونا اہم کامیابی ہے تاہم ہمارا مشن پاکستان کو پولیو سے مکمل نجات دلانا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مربوط اور مشترکہ کوششوں سے ہی پاکستان کو پولیو فری بنایا جا سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران ہماری حکومت نے انسانی جانوں کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کو بھی برقرار رکھا جس کی دنیا معترف ہے۔ اسی جذ بے سے ہم نے پولیو کو بھی شکست دینی ہے۔
 وزیر اعظم نے تمام بین الاقوامی اداروں بشمول ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، روٹری انٹرنیشنل اور بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاونڈیشن کا پاکستان کو تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعظم نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا آغاز کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی غیرملکی فنڈنگ،الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی نےکل اجلاس طلب کر لیا