ڈینیئل پرل قتل ،احمدعمر شیخ ساتھیوں سمیت جیل کے نئے کمروں میں منتقل ،آج اہل خانہ ملاقات کرینگے

Feb 07, 2021 | 10:16:AM
 ڈینیئل پرل قتل ،احمدعمر شیخ ساتھیوں سمیت جیل کے نئے کمروں میں منتقل ،آج اہل خانہ ملاقات کرینگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) امریکی صحافی ڈینیئل پرل قتل کیس میں احمد عمر شیخ اور دیگر افراد سے متعلق محکمہ داخلہ نے نیا حکم نامہ جاری کردیا جس کے تحت انہیں جیل سے رہائی کے بعد جیل میں ہی تعمیر شدہ نئے کمروں میں منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق  محکمہ داخلہ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احمد عمر شیخ، فہد نسیم احمد، سید سلمان ثاقب، شیخ محمد عادل اور عبدالحمید بگٹی کو سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں جیل سے رہا کردیا گیا  تاہم ان تمام افراد کو سنٹرل جیل کے احاطے ہی میں کمروں میں رکھا گیا ہے۔حکم نامہ کے مطابق احمد عمر شیخ اور دیگر افراد کو موبائل فون اور انٹرنیٹ استعمال کی اجازت نہیں ہوگی، تمام افراد اپنے اہل خانہ سے روزانہ کی بنیاد پر ملاقات کرسکیں گے جبکہ حراست میں رکھے افراد کے اہل خانہ کی سہولت کے لئے وفاقی حکومت کے قصر ناز میں پانچ کمرے بھی مختص ہوں گے۔

  گرفتار ملزم شیخ محمد عادل کے بھائی شیخ اسلم نے بھی تصدیق کرتے ہوئے  بتایا کہ چاروں ملزموں کو ہفتہ کی رات کراچی کی سینٹرل جیل میں واقع نئی عمارت میں منتقل کیا گیا۔چاروں ملزموں کو الگ الگ کمرے دیئے گئے ہیں ، ملزموں کی اہل خانہ سے ملاقات کیلئے روزانہ صبح 9 سے شام 5 بجے کا وقت مختص کیا گیا ہے۔

مرکزی ملزم احمد عمر سعید شیخ کے اہل خانہ  پیر 8 فروری کو عمر شیخ سے مقررہ اوقات میں ملاقات کریں گے۔ ملزموں کی منتقلی کے پیش نظر سنٹرل جیل کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے انتظامات بھی مزید سخت کر دیئے گئے ہیں۔