عمران خان تعصب کی سیاست نہیں کرتے، سندھ کےساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا، اسد عمر

Jun 06, 2021 | 18:37:PM
عمران خان تعصب کی سیاست نہیں کرتے، سندھ کےساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہو رہا، اسد عمر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جارہا ہے، عمران خان تعصب کی سیاست نہیں کرتے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں اسد عمر نے کہا کہ وفاق سندھ کے عوام کیلئے رقم خرچ کرے گی، حکومت سندھ کیلئے نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو وفاق کے جواب سے زیادہ سیاسی بیان دینے کی جلدی تھی، عمران خان نے سندھ میں 2 تاریخی پیکیجز کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وفاق سے پہلے جو پیسا سندھ گیا، اس سے سرے محل بنے، ڈائمنڈ کے نیکلس بنے، دبئی میں ٹاور کھڑے ہوئے اور فرانس میں جائیدادیں بنائی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاق کا دیا ہوا پیسا سندھ میں نہیں لگا، پیپلز پارٹی این ایچ اے پر وفاق سے سوال پوچھ رہی ہے، پیپلز پارٹی نے موٹر ویز بنانے پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا۔
اسد عمر نے یہ بھی کہا کہ 2018 سے پہلے کے 3 سال کے وفاق کی جانب سے سندھ کے منصوبوں کیلئے رقم دیکھ لیں، ہماری حکومت کے 3 سالوں میں سندھ کے منصوبوں کیلئے 32 فیصد زائد رقم رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ وزیر اعظم ہیں، جنہوں نے سندھ کیلئے تاریخی پیکیج کا اعلان کیا، کراچی کے نالوں پر اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں، گرین لائن منصوبہ ستمبر تک مکمل ہونے جارہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ساڑھے 6 ارب روپے سکھر الیکٹرک پاور کمپنی کے منصوبے کیلئے رکھے گئے، حیسکو کے منصوبوں کیلئے5 ارب روپے رکھے گئے، سندھ کی جامعات کیلئے8 ارب کی رقم رکھی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملتان سکھر موٹروے منصوبے کو ہم نے مکمل کیا، 98 ارب روپے ادا کئے، سکھر حیدرآباد موٹر وے منصوبے کی منظوری ہوگئی ہے، جس پر 200 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے۔
اسد عمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے موٹر ویز بنانے پر ایک روپیہ خرچ نہیں کیا اور این ایچ اے پر ہم سے سوال پوچھ رہی ہے، عمران خان تعصب کی سیاست نہیں کرتے، صوبائی حکومت سندھ کارڈ استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے سندھ میں مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں، وزیراعلیٰ صاحب آپ سندھ کی حکومت ضرور ہیں سندھ کی عوام نہیں، عمران خان نے سندھ میں دو تاریخی پیکیج کا اعلان کیا، شہری اور دیہی علاقوں کو کور کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران کی پی ٹی آئی میں وہ اہمیت ہے جو پی پی میں ذوالفقار بھٹو کی تھی،شاہ محمود قریشی