موسلادھار بارش اور برفباری،محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

Jan 06, 2024 | 09:46:AM
موسلادھار بارش اور برفباری،محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے صوبائی دالحکومت سمیت  بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی  کردی۔

تفصیلات کے مطابق  بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ پنجاب کے ساتھ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں بھی دھند نے ہرشے کو دھندلادیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے  مطابق بلوچستان کے شہر کوئٹہ، خاران، زیارت، کواس، چینہ، زڑگی میں برفباری نے ہرشے کوسفید چادر اوڑھادی نوشکی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش بھی ہوئی،جس کے بعد محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں پہاڑوں پرمزید برفباری کی پیشگوئی کی ہے جبکہ برفباری اور بارش کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے صوبائی دارالحکومت سمیت بلوچستان کے 20 اضلاع میں مزید بارش اور برفباری کی پیش گوئی کردی، جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کوئٹہ، چاغی، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، پشین، مستونگ، قلات، خضدار، ہرنائی، سبی، نوشکی، خاران میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے،لسبیلہ، تربت، پنجگور، کیچ، آواران اور مکران کے ساحلی علاقے، پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دُھند کا راج، موٹروے متعدد مقامات پر ٹریفک کیلئے بند

پی ڈی ایم اے نے عوام کو بارش اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کا مشورہ دیا ہے اور متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے،اس کے علاوہ قشلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کوئٹہ میں منفی 1، سبی 5، نوکنڈی 7 اور تربت میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔جیوانی اور گوادر سمیت بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں درجہ حرارت بالترتیب 14 اور 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخواکے مختلف میدانی علاقوں میں دھندچھائے رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گر دو نواح میں میں موسم سرد رہنے کی پیشگوئی ہے، مکران کے ساحلی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے، آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اورخشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔