’اقدامات نہ کیے تو امریکی پالیسی تبدیل ہوسکتی ہے‘، بائیڈن نے نیتن یاہو کوخبردارکردیا

Apr 05, 2024 | 08:44:AM
امریکی صدر جو بائیڈن کا نیتن یاہو سے کہنا ہے کہ اگر اسرائیل انسانی بحران سے نمٹنے اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا تو غزہ میں جنگ کے حوالے سے واشنگٹن کی پالیسی تبدیل ہو جائے گی۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک امریکی صدر جو بائیڈن کا نیتن یاہو  کو  کہنا ہے کہ اگر اسرائیل انسانی بحران سے نمٹنے اور امدادی کارکنوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات نہیں کرتا تو غزہ میں جنگ کے حوالے سے واشنگٹن کی پالیسی تبدیل ہو جائے گی۔

اسرائیل کی جانب سے غزہ میں ہزاروں  شہریوں کی شہادتوں کے بعد بلآخر ورلڈ سینٹرل کچن کے کارکنان کی شہادتوں پر اٹھنے والے غم و غصے کے بعد امریکا نے اسرائیل سے اپنی فوجی حکمت عملی تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ 

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، دونوں رہنماؤں نے غزہ صورتحال پر بات چیت کی۔     امریکی صدر بائیڈن نےاسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو  غزہ میں موجودہ انسانی صورتحال ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دے دیا۔

 وائٹ ہاؤس کے مطابق بائیڈن نے اسرائیل کو شہریوں کے نقصانات، انسانی مصائب اور امدادی کارکنوں کی حفاظت کے لیے مخصوص اور ٹھوس اقدامات کا اعلان اور ان پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت کو واضح کیا۔

ایک پریس بریفنگ کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وائٹ ہاؤس اسرائیل سے کس قسم کے ٹھوس اقدامات دیکھنا چاہتا ہے تو قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ امدادی سامان کے لیے سرحدوں کو کھولا جائے اور مزید امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ اسرائیل مستقبل قریب میں نئی تبدیلیوں کا اعلان کرے گا۔

مزید پڑھیں:  افریقن فٹبالر کار ہائی جیکنگ کے دوران فائرنگ سے ہلاک

امریکی بیان میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ صدر بائیڈن اس تنازع کے بارے میں اپنی پالیسی کس طرح تبدیل کر سکتے ہیں، لیکن زیادہ سے زیادہ ڈیموکریٹس وائٹ ہاؤس پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اسرائیل کے لیے امریکی امداد مکمل طور پر روکنے پر غور کریں۔

تاہم اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ فون کال کے دوران صدر بائیڈن نے انسانی صورتحال کو مستحکم کرنے، بے گناہ شہریوں کی حفاظت کے لیے فوری جنگ بندی کی فوری ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یرغمالیوں کو گھر پہنچانے کے لیے اسرائیل جلد از جلد مذاکرات کو حتمی شکل دے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے  مطابق امریکی صدر سے ٹیلی فونک رابطے کے چند گھنٹوں بعد اسرائیلی حکومت نے غزہ میں امداد کی رسد بڑھانے کیلئے چند اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے اردن سے غزہ میں امداد پہنچانے کیلئے اشدود پورٹ اور شمالی غزہ سے ایریز کراسنگ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں امدادی سامان کی رسد بڑھانے کیلئے کیے گئے اقدامات امریکا کو راضی کرنے کیلئے کتنے کافی ہو سکیں گے یہ بات ابھی  واضح نہیں ہے۔