چیئرمین نیب کی سول سیکرٹریٹ آمد، وزیراعلیٰ پنجاب نے خیرمقدم کیا

Dec 04, 2023 | 22:00:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(قیصر کھوکھر)چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ کی سول سیکرٹریٹ آمد، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف سیکرٹری پنجاب نے خیر مقدم کیا۔
چیئرمین نیب نے بیوروکریسی کا اعتماد بحال کرنے کیلئے دربار میں موجود تمام بیوروکریٹس، مختلف اداروں کے ڈی جیز اور ڈپٹی کمشنرز سے تبادلہ خیال کیا،انتظامی سیکرٹریز اور افسران نے چیئرمین نیب سے سوالات بھی کئے،چیئرمین نیب اور ڈی جی نیب لاہور نے بیوروکریٹس کے سوالوں کے جواب دیئے اور انکے خدشات پر مستقبل میں تعمیری پیشرفت کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہاکہ سول سیکرٹریٹ آمدپر چیئرمین نیب کا شکریہ ادا کرتے ہیں،پنجاب کے انتظامی اور مالیاتی امور میں ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنایا گیاہے،پنجاب کے افسران ایماندار اور محنتی ہیں، بہترین سروس ڈلیوری کیلئے افسران کو تیزی سے کام کرنا ہوتا ہے۔
چیئرمین نیب نے کہاکہ گمنام و بے نامی درخواستوں پر نیب میں کارروائی ختم ہوچکی ہے،چیف سیکرٹری آفس میں حکومت پنجاب کی سربراہی میں سیل قائم کیا جارہا ہے،سیل حکومتی افسران کیخلاف شکایات کی نیب اور چیف سیکرٹری کی ٹیم سکروٹنی کرے گی،نیب جہاں ضرورت ہوگی چیف سیکرٹری کو اعتماد میں لے کر کارروائی کرے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد نے کہاکہ نیب شکایت کی جانچ پڑتال سے لےکر انویسٹی گیشن تک تمام کارروائی صیغہ راز میں رکھے گا کوئی میڈیا ٹرائل نہیں ہوگا، ہر کسی کے عزت نفس کا مکمل خیال رکھا جائیگا،ماضی میں نیب سے ہونے والی غلطیوں کاازالہ کریں گے،چیئرمین نیب کاکہناتھا کہ نیب معمول کی کارروائی میں ہونیوالی غیرارادتی کوتاہیوں کی بنیاد پر کیس شروع نہیں کرےگا جب تک کسی کا ذاتی مفاد ثابت نہ ہو، پروکیورمنٹ اور ترقیاتی منصوبہ جات میں نیب اور حکومت پنجاب باہمی مشاورت سے رولز اور طریقہ کار میں حالات کے مطابق ترامیم تجویز کرینگے،ان کامزید کہناتھا کہ نیب کا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ ہر سطح پر شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
 سیشن کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان اور تمام صوبائی بیوروکریسی نے چیئرمین نیب کے ویژن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا، چیف سیکرٹری پنجاب نے کہاکہ آئندہ دونوں ادارے مستقبل میں باہمی اشتراک کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دینگے، چیئرمین نیب نے کہاکہ افسران محنت سے بلا خوف و خطر کام کریں۔
چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، تمام محکموں کے سیکرٹریز اور نیب کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کابشریٰ بی بی کو نکاح سے پہلے نہ دیکھنے کا دعویٰ، سابق دست راست نے سچ اگل دیا