پیشگوئیاں دھری کی دھری رہ گئیں، اب بارش کب ہوگی؟ جانیے

Jul 03, 2022 | 09:52:AM
محکمہ موسمیات،پیشگوئیاں،کراچی،پنجاب،بلوچستان
کیپشن: محکمہ موسمیات کی جانب سے 2 جولائی سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی/ فائل فوٹو، گوگل سورس
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے اکثر علاقوں میں بادل برسنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

 دوسری جانب کراچی میں بارش کی پیشگوئیاں، پیش بندیاں اور وارننگز سب دھری کی دھری رہ گئیں، شہر میں بادل اب تک نہ برسے، اب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج  شام  یا رات سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:100 روپے کے نوٹ پر بڑی غلطی کا انکشاف

 چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے، جو آج شام یارات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

 سردار سرفراز کا مزید کہنا ہے کہ بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثرانداز رہے گا، جس کے پیچھے ایک اور سسٹم بھی موجود ہے جب کہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کے ختم ہونے کے 18 گھنٹے بعد اثر انداز ہوسکتا ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 75 فیصد ہے۔

 ادھر شہری انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی اب تک نہیں ہوسکی، اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر لگے بل بورڈز اور ہورڈنگز بھی نہ ہٹائے جاسکے۔

 واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 2 جولائی سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔