صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، وزیراعظم

Dec 03, 2020 | 21:35:PM
صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا، وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ ہاؤسنگ سیکٹرمیں بڑھتی ڈیمانڈ کے پیش نظر دونوں منصوبے اہمیت کے حامل ہیں، ان پراجیکٹس کے ذریعے ہمارے کئی معاشی اور ماحولیاتی مسائل کا حل ممکن ہوگا، ملک کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے، تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کےلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ، تعمیرات و ترقی کا ہفتہ وار اجلاس ہوا،اجلاس میں وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیر اعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین، معاون خصوصی ملک امین اسلم شریک ہوئے،اجلاس میں شہباز گل، ذوالفقار عباس بخاری، وقار مسعود، وفاقی و صوبائی سیکرٹری صاحبان اور سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔
گورنر سٹیٹ بینک نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ بنکوں نے ہاؤسنگ اور تعمیرات کے ضمن میں دئیے گئے اس سہ ماہی کے اہداف کو بڑی حد تک مکمل کیا ہے،بینکوں کو اس سلسلے میں صارفین کو مزید سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ گورنر سٹیٹ بنک نے کہاکہ سٹیٹ بینک کے سو سے زائدافسران روزانہ کی بنیاد پر مختلف بینکوں میں "مسٹری شاپنگ" کر رہے ہیں، صارفین کو میسر سہولیات کے بارے میں معلومات بھی اکٹھی کی جا سکتی اور انہیں یقینی بھی بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہاکہ آٹومیشن کی عمل پر تیزی سے کام جاری ہے اور انشااللہ اس ماہ کے آخر تک اسے مکمل کر لیا جائے گا،اس عمل کے مکمل ہونے سے عوام کو غیر ضروری طور پر دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہاکہ نیو بلیو ایریا میں فروخت کئے گئے 12 میں سے چار کمرشل پالاٹوں کے نقشے سی ڈی اے کو موصول ہو چکے ہیں جن پر تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک کیلئے انتہائی ضروری ہے کہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے جس میں تعمیراتی شعبے کا کردار انتہائی اہم ہے،ہمیں تعمیراتی شعبے سے منسلک صنعتوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہوگا،وزیراعظم نے کہاکہ اسلام آباد پاکستان کا واحد شہر ہے جو مکمل منصوبہ بندی کے تحت بنایا گیا لیکن اب اس شہر کا حسن خراب ہو رہا ہے،اسلام آباد میں گرین ایریاز کو بچانے کےلئے اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔