اسرائیل کی سفاکیت تھم نہ سکی،مزید 250 فلسطینی شہید، تعداد8 ہزار 900 ہو گئی

Nov 02, 2023 | 11:37:AM
اسرائیل کی سفاکیت تھم نہ سکی،مزید 250 فلسطینی شہید، تعداد8 ہزار 900 ہو گئی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24urdu.com
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)اسرائیل کی سفاکیت تھم نہ سکی،24 گھنٹوں کے دوران مزید 250 فلسطینی شہید، اسرائیلی حملوں میں شہداکی تعداد8 ہزار 900سے زائد ہو گئی۔

اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر دوسرا حملہ کیا ہے ،زور دار بمباری سے کئی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، درجنوں افراد کے ملبے تلے دب جانے کا خدشہ  ہے، صیہونی فورسز نے گزشتہ روز بھی جبالیہ کیمپ پر 6 ٹن بم گرائے تھے جس کے نتیجے میں 100 سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے تھے۔

النصر اسٹریٹ پر بیکری کے سامنے جمع افراد پر بم گرایا گیا، امدادی کارروائیوں کے لیے  جمع افراد اور ایمبولینسوں پر بھی میزائلوں سے حملہ کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں اموات ہوئیں۔

ضرور پڑھیں:فلسطین میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں ناکامی، اقوام متحدہ کے اہم عہدے دار کا استعفیٰ آگیا
وسطی غزہ میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد شہید ہوگئے جب کہ تباہ مکانات کی تعداد پونے 2 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔القدس اسپتال کے علاقے میں بھی بمباری کی گئی جس کی وجہ سے فلسطین میں کینسر کے واحد ترک اسپتال کو کام بند کرنا پڑ گیا، اسپتال میں 70 مریضوں کی موت واقع ہونے کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نےجبالیہ کیمپ پر فضائی حملے کی شدید مذمت کی ہے ،کہتے ہیں کہ غزہ میں خواتین سمیت بچوں کا قتل عام عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اسرائیل کو بین الااقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔

یاد رہے کہ غزہ صحافیوں کیلئے بھی سب سے بڑا مقتل بن گیا ہے،اسرائیل کی وحشیانہ بمباری میں اب تک چونتیس صحافی مارے جا چکے،بین الاقوامی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے غزہ میں صحافیوں کے خلاف جنگی جرائم کی شکایت عالمی عدالتِ انصاف میں درج کرا دی،صحافتی تنظیم کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں پچاس سے زیادہ میڈیا ہاؤسز پر جان بوجھ کر بم باری کی۔