ویڈیو لیک۔۔ وفاقی وزرا کا علی حیدر گیلانی کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ 

Mar 02, 2021 | 21:37:PM
ویڈیو لیک۔۔ وفاقی وزرا کا علی حیدر گیلانی کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) وفاقی وزرا نے علی حیدر گیلانی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ان کیخلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے،ریفرنس کل بدھ کو دائر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کی ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ بتانے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آ نے کے بعد حکمران جماعت تحریک انصاف ریفرنس دائر کرنے کیلئے الیکشن کمیشن پہنچ گئی۔ تاہم الیکشن کمیشن دفتری اوقات ختم ہونے کے باعث بند تھا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آج جو شرمناک ویڈیو سامنے آئی ہے، اس سے سینٹ انتخابات کے سسٹم پر ایک بار پھر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے، سسٹم میں بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس ساری ٹیکنالوجی موجود ہے لیکن الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اگلے سال اسے استعمال کریں گے۔ ویڈیو آنے کے بعد کیا حالیہ الیکشن اسی طرح ہونے دیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم علی حیدر گیلانی کے خلاف ریفرنس فائل کرنے آئے تھے لیکن الیکشن کمیشن کا دفتر ہی بند پڑا ہے۔ آفس میں کوئی نہ کوئی افسر موجود ہونا چاہئے تھا۔فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کوایسی شکایات کو فوری دیکھنا چاہئے۔ اس معاملے میں الیکشن کمیشن کو ہنگامی اقدامات کرنا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے الیکشن کمیشن کی دلیل کو ویڈیو نے غلط ثابت کر دیا ہے۔ امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر ویڈیو کا فوری نوٹس لیں گے۔ 
 دریں اثناء وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی حیدر گیلانی سے ملاقات کرنے اور سینٹ ووٹ کا سودا کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد اس میں موجود 3 ارکان قومی اسمبلی کی شناخت ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ ویڈیو میں پاکستان تحریک انصاف کے 4 ارکان قومی اسمبلی ہیں جن میں سے 3 کو تو پہچان لیا ہے جب کہ چوتھے رکن قومی اسمبلی کی شناخت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ یہ ضمیر کے سودا گر ہیں انہیں کچھ نہیں ملے گا ، سینیٹ ووٹ کا سودا کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ ا
ادھر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سینٹ انتخابات کےلئے نااہل قراردے، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں کیا ، اگر فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوتا تو اس چوری چکاری کو روکنے کا بھی کوئی بندوبست ہوتا،الیکشن کمیشن ویڈیو پر فوری ایکشن لے۔
انہوں نے کہا کہ سامنے آنے والی ویڈیو میں واضح نظر آرہا ہے کہ سپریم کورٹ سے نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کا بیٹا خرید و فروخت کر رہا ہے اور رکن اسمبلی کو بتا رہا ہے کہ آپ نے یا ہمیں ووٹ دینا ہے یا ووٹ ضائع کرنا ہے اور ووٹ ضائع کرنے کے طریقے بتا رہا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ان خاندانوں کا ہر چھوٹا بڑا شخص اس کام میںماہر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ مافیا ہے جس سے ان ارکان اسمبلی کی جانوں کو خطرہ ہے، سندھ میں آج جو کچھ ہوا وہ بھی سب نے دیکھا، ایک رکن سندھ اسمبلی کی ویڈیو میں جو پس منظر تھا وہی پس منظر آج ٹوئٹر پر گردش کرنے والی تصاویر میں بھی نظر آیا جس میں پیپلز پارٹی کی سینیئر قیادت بیٹھی نظر آرہی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ ان اراکین کو کون اغوا کرکے لے کر گیا ہے اور ویڈیوز کہاں بنائی گئیں۔