ریلوے اراضی ریفرنس: جاوید اشرف قاضی اور دیگر ملزموں پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) سابق وزیر ریلوے جاوید اشرف قاضی اور دیگر کے خلاف ریلوے اراضی ریفرنس کی سماعت ہوئی،احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کیس کی سماعت کی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت نے ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے 23 جون کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ سماعت کے موقع پر نیب پراسیکیوٹر وسیم جاوید عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ ریفرنس میں شریک تین ملزمان کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ ملزموں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شریک ملزمان سخت بیمار ہیں لہذا پیش نہیں ہو سکتے۔ احتساب عدالت کےجج اصغر علی نے کہا کہ نیب کے تمام ملزمان 67 سال سے زائد عمر کے ہیں پتہ نہیں کب کون ایکسپائر ہو جائے، تمام ملزمان حاضر ہوں تاکہ ایک دفعہ فرد جرم عائد کی جا سکے۔عدالت نے کہا فرد جرم عائد ہو جائے اسکے بعد حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست دیکھیں گے۔ملزموں کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم اقبال کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کی جائے۔ملزمان کی عدم حاضری پر عدالت کی جانب سے فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔ عدالت نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائیگی اورغیر حاضر ملزموں کے وارنٹ جاری کیے جائینگے۔عدالت نے ریفرنس کی سماعت 23 جون تک ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: تاجکستان کے صدر کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات