ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھال لیا

Aug 02, 2023 | 23:10:PM
ڈاکٹر محمد فیصل نے برطانیہ میں پاکستان کے نئے ہائی کمشنر کا عہدہ سنبھال لیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے نئے  ہائی کمشنر کا عہدہ  ڈاکٹر محمد فیصل نے  سنبھال لیا۔

تفصیلات کے مطابق  ہائی کمشنر کی لندن میں آمد پر ائیر پورٹ  پر برطانوی وزارت خارجہ، دولت مشترکہ اور ترقیاتی امور کے سکریٹری کی خصوصی نمائندہ کیتھرین کولون سی وی او ایف سی آئی ایل نے ان کا استقبال کیا۔

 پاکستان کی فارن سروس میں تین دہائیوں کے بھرپور تجربے کے ساتھ ڈاکٹر محمد فیصل پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ڈاکٹر محمد فیصل کے پاس ایم بی بی ایس، ایم ایس سی، ایل ایل ایم اور پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگریاں ہیں۔ انہوں نے 1995 میں فارن سروس آف پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈائریکٹر جنرل اور ترجمان سمیت کئی عہدوں پر فائز رہے۔

بیرون ملک پاکستانی مشنز میں ڈاکٹر فیصل کی سفارتی ذمہ داریوں میں دارالسلام، برسلز اور جدہ شامل ہیں۔ برطانیہ آنے سے قبل وہ جرمنی میں پاکستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف نے الوداعی دعوتوں کا آغاز کر دیا

نئے ہائی کمشنر کے طور پر ڈاکٹر فیصل کا مقصد پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور مضبوط بنانا ہے۔