مہنگائی کیخلاف پیپلزپارٹی کا  ملک بھر میں احتجاج

Oct 29, 2021 | 18:31:PM
پیپلزپارٹی احتجا
کیپشن: پیپلزپارٹی کے ملک بھر میں احتجاج
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مہنگائی کیخلاف ملک بھر میں پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا ۔احتجاجی مظاہروں میں پیپلزپارٹی رہنماؤں سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق چیئر مین پیپلزپارٹی کی ہدایت پر مہنگائی کے خلاف پیپلزپارٹی  نے ملک بھر میں احتجاج کیا ۔ اسلام آباد ای الیون میں  پیپلزپارٹی نے  مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا پیپلزپارٹی کے جنرل سیکرٹری نئیر بخاری اور عوام کی کثیر تعدادنے  احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔

جبکہ اٹک میں بھی مہنگائی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی ٹرک اڈہ سے شروع ہوئی جوفوارہ چوک گئی ،ریلی کی قیادت سابق وفاقی وزیرسردارسلیم حیدراورسابق ایم پی اے ذوالفقار حیات کررہے تھے ۔ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھےجن پر مہنگائی کیخلاف  نعرے درج تھے۔گوجرانوالہ میں بھی پیپلز پارٹی  نے مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی ۔مظاہرین نے  حکومت کیخلا ف شدید نعرے بازی کی ۔اشیائے خوردو نو ش کی قیمتوں میں اضا فے پر حکومت سے استعفی کے مطالبہ کیا گیا ۔

  لاڑکانہ میں مہنگائی کے خلاف پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں ہزاروں کارکن جناح باغ روڈ پر جمع ہوگئے ۔کارکنوں نے  مہنگائی کیخلاف  شدید احتجاج کیا ۔احتجاج میں بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی کے جیالے شریک ہوئے  ۔جیالوں  نے ''پٹرول مہنگا ہائے ہائے۔۔روٹی مہنگی ہائے ہائے ۔۔۔بجلی مہنگی ہائے ہائے ۔۔گو نیازی گو '' کے نعرے لگائے ۔

پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نثار کھوڑونے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان استعفا دیں ورنہ عوام پر مسلط اس تبدیلی سرکار کو گھر بھیجنے کے لئے عدم اعتماد کی تحریک سمیت تمام آپشن استعمال کرینگے۔ انہوں نے کہا  کہ اتحادی جماعتوں کو اگر ملک اور عوام کا فکر ہے تو عمران خان کا ساتھ چھوڑ کر فوری وفاقی حکومت سے علیحدگی کا اعلان کریں ورنہ عوام انہیں معاف نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کل انتخابات کرائے جائیں تو عمران خان کو لگ پتہ جائے گا۔آج تمام سیاسی جماعتیں ملک میں قبل از وقت انتخابات چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جادو ٹونے پر مسلط یہ حکومت کبھی نہیں چل سکتی ۔

کراچی کے رریگل چوک  پر بھی مظاہرے میں وزیراعظم عمران خان کا پتلانذر اتش کیا گیا ۔حیدر آباد میں بھی پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا۔مظاہرین نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی ۔پارٹی رہنما مولا بخش چانڈیو اور معاون خصوصی صغیر قریشی سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے ۔

بہاولنگر، اوکاڑہ ،بدین  میں بھی پیپلزپارٹی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور حکومت سے مہنگائی کنٹرول کرنے کا مطالبہ کیا ۔مظاہرین نے حکومت کیخلاف بھی شدید نعرے بازی کی ۔حیدر آباد میں مظاہرے سے قبل شرجیل انعام میمن نے 24نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا طوفان ہے ، ایک شخص کی نااہلی کی وجہ سے پورا ملک مسائل سے دوچار ہے انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے پورے ملک کو دنیا میں اکیلا کردیا ہے ۔ عوام چاہتے ہیں کہ فوری عمران خان استعفی دیں ، اور نئے الیکشن کرائے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: آریان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری۔۔عدالت نے بڑی شرط لگا دی