ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے آنے والا ہے:شہباز شریف

کراچی میں بھتہ خوری ہوتی تھی اور پرچی سسٹم چلتا تھا لیکن نواز شریف نے اداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا

Dec 29, 2023 | 12:12:PM
ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے آنے والا ہے:شہباز شریف
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہےکہ کراچی میں بھتہ خوری ہوتی تھی اور پرچی سسٹم چلتا تھا لیکن نواز شریف نے اداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا،سب سے پہلے ہم نے نوجوانوں کو ہنر دینا ہے،ہمارا بے روزگاری میں کمی لانے کا پروگرام قوم کے سامنے آئے گا،  ہم ان منصوبوں کو آگے  لے کر جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے، اس کی اپنی تاریخ ہے، کروڑوں لوگ کراچی میں محنت کرتے ہیں اور یہاں سے اربوں ڈالر کمائے جاتے ہیں، یہ شہر پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے، یہاں سے لاکھوں لوگوں کو روزگار ملتا ہے،  کراچی کے صنعت کار، تاجر  اور سرمایہ کار حلال کی کمائی سے ٹیکس ادا کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں پرچی سسٹم چلتا تھا، عظیم صنعت کار اس شہر کو خدا حافظ کہہ رہے تھے، 1993 میں کراچی کا امن تباہ ہوچکا تھا، نواز شریف نے قانون نافذ کرنے والےاداروں اور صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر بے امنی کو ختم کیا،  یہ سنہری کارنامہ تاریخ میں یاد رکھا جائے گا، اس سے شہر میں بھتہ  خوری اور  پرچی سسٹم ختم ہوگیا،  روزگار اور کاروبار کا پہیہ تیزی سے گھومنا شروع ہوگیا۔

 لیگی رہنما نے مزید کہا کہ شہر میں پانی مہیا کرنے کے لیے پانی کے منصوبوں  کیلئے اربوں روپے دیئے جبکہ دھاندلی کے ذریعے نواز شریف کا اقتدار نہ چھینا جاتا تو کراچی حیدرآباد موٹروے منصوبہ مکمل ہو جاتا،شہباز شریف کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ نواز شریف کی قیادت میں الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، ہمارا منشور پوری قوم کے سامنے آنے والا ہے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ شہر سے ٹینکر مافیا کا بھی خاتمہ کیا جائے گا، سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر پانی سے محروم ہے، پبلک ٹرانسپورٹ کی معاشی ترقی میں حیثیت ریڑھ کی ہڈی کی ہوتی ہے، ہم سکول،کالجز اور صحت کے نظام کو بہتربنانے کیلئے دن رات کام کریں گے، پچھلے 4سالوں میں معاشرے میں زہر گھولا گیا، اس کا خاتمہ کریں گے۔