قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح 10 بجے طلب، دو نکاتی ایجنڈا جاری

Feb 28, 2024 | 18:25:PM
قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل طلب کرلیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان) قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس کل صبح 10 بجے طلب کرلیا گیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس صدر کی جانب سے طلب نہ کرنے پرقومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے طلب کیا گیا۔ افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔

 قومی اسمبلی کا اجلاس آرٹیکل 91 کی سب کلاز 2 کے تحت طلب کیا گیا ہے، شام 5 بجے تک صدر مملکت کے احکامات کا انتظار بھی کیا گیا۔

واضح رہے کہ صدر مملکت نے وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی سمری اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔ اعتراض میں کہا گیا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کو ابھی تک مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کی گئیں جس کے باعث قومی اسمبلی کا ہاؤس نامکمل ہے۔

ساتھ ہی ساتھ قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کا دو نکاتی ایجنڈا بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پہلے نمبر پر تلاوت قرآن پاک، نعت اور قومی ترانہ ہوگا۔

ایجنڈے میں دوسرے نمبر پر نومنتخب ممبران حلف اٹھائیں گے اور رول آف ممبرز پر دستخط کریں گے۔