جھگڑے کے بعد گاڑی کے بونٹ پر چمٹے شخص کو گھسیٹنے کی ویڈیو وائرل

Feb 27, 2024 | 09:27:AM
جھگڑے کے بعد گاڑی کے بونٹ پر چمٹے شخص کو گھسیٹنے کی ویڈیو وائرل
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)بھارت میں جھگڑے کے بعد ڈرائیور اپنی گاڑی کے بونٹ پر  چمٹے شخص کو گھسیٹتا ہوا لے گیا ، واقعے  کی ویڈیو  سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ملزم ڈرائیور نے بحث کرنے کی پاداش میں ایک شخص کو اپنے کار کے بونٹ پر 3 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک گھسیٹا۔

مذکورہ واقعہ اس علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا جس کی فوٹیج سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوگئی۔

سی سی ٹی وی کلپ میں، متاثرہ شخص کو گاڑی کے بونٹ پر چمٹا ہوا دیکھا جا سکتا ہے، جو کہ بظاہر گاڑی کو ’روکنے‘ کی کوشش کررہا ہے، تاہم ڈرائیور بونٹ پر لٹکے ہوئے شخص کے ساتھ کار کو 3 کلومیٹر فاصلے تک لے گیا۔

یہ بھی پڑھیں:دفاتر کی کرسیاں موت کاسبب؟ نئی تحقیق نے خبردار کردیا

اطلاعات کے مطابق ملزمان اور متاثرہ شخص کے درمیان جھگڑا ان کی کاروں کے درمیان تصادم کے بعد شروع ہوا۔ متاثرہ شخص نے ملزم کو موقع سے بھاگنے سے روکنے کی کوشش کی، مبینہ طور پر وہ اپنی گاڑی کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ مانگ رہا تھا۔

 تین کلو میٹر دور تک جانے کے بعد متاثرہ شخص خود کو اس مصیبت سے چھڑانے میں کامیاب ہوا، بعدازاں اس نے پولیس میں واقعے کی شکایت درج کرائی، جس کی بنیاد پر کوشامبی پولیس اسٹیشن میں مذکورہ ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ شکایت کے فوراً بعد سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر گاڑی کی شناخت کی گئی اور ڈرائیور کو حراست میں لیتے ہوئے اس کی کار کو ضبط کر لیا گیا ہے, اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔