کشمیر پریمئیر لیگ کی ”ڈریم ٹیم“کا اعلان،شاہد آفریدی کپتان

Aug 26, 2021 | 19:35:PM
کشمیر پریمئیر لیگ کی ”ڈریم ٹیم“کا اعلان،شاہد آفریدی کپتان
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کشمیر پریمیئر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے اختتام پر بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ڈریم ٹیم کا اعلان کردیا گیا جس کی قیادت چمپئن ٹیم راولاکوٹ ہاکس کے کپتان شاہد آفریدی کے سپرد کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل، سابق ٹیسٹ کرکٹر ، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز کے پی ایل تیمور خان، قومی ویمن ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر اور میچ ریفری علی نقوی پر مشتمل سلیکشن پینل نے کشمیر پریمیئر لیگ کی ڈریم ٹیم کا اعلان کیا۔کشمیر پریمئر لیگ کی ڈریم ٹیم میں باغ اسٹالیئنز کے کپتان شان مسعود اور مظفرآباد ٹائیگرز کے ذیشان اشرف کو اوپنرز منتخب کیا گیا ، شان مسعود نے پانچ اننگز میں 50.80کی اوسط سے 254رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں بھی شامل تھیں۔ 144.31کے سٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے شان مسعود کا بہترین سکور 78رنز رہا۔ دوسری جانب ذیشان اشرف نے سات اننگز میں 107رنز کی شاندار اننگز سمیت 284 رنز 47.33کی اوسط سے سکور کئے جبکہ 165.11کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ ساتھ ذیشان اشرف نے 13چھکے بھی لگائے اس کے علاوہ وکٹوں کے عقب میں شکار کرنے والے ذیشان اشرف ڈریم ٹیم میں وکٹ کیپر کے فرائض بھی سر انجام دیں گے۔کوٹلی لائنز کے احسان علی کو نمبرتین پوزیشن پر منتخب کیا گیا ہے جنہوں نے 99رنز کی اننگز سمیت صرف چار باریوں میں 217رنز بنا ڈالے۔176.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے احسان علی نے تین نصف سنچریاں سکور کرنے کے ساتھ ساتھ 11چھکے بھی لگائے۔ اپنی جارحانہ بیٹنگ سے کشمیریوں کے دل جیتنے والے نوجوان کشمیری بیٹسمین کاشف علی نمبر چار پر آٹومیٹک چوائس رہے جنہوں نے 114رنز کی فتح گر اننگز کھیلنے کے ساتھ ساتھ دو نصف سنچریاں سکور کرتے ہوئے 48.40کی بھاری اوسط اور 174.10 کے شاندار سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 242رنز اسکور کئے جس میں 12 فلک شگاف چھکے بھی شامل تھے۔کاشف علی کی طرح راولاکوٹ ہاکس سے تعلق رکھنے والے آل راﺅنڈر حسین طلعت مڈل آرڈر میں موجود ہیں جنہوں نے سات اننگز میں تین مرتبہ ناٹ آﺅٹ رہتے ہوئے 227رنز بنائے جس میں تین نصف سنچریاں شامل ہیں۔ 156.55 کے سٹرائیک ریٹ سے کھیلنے والے حسین طلعت نے 10چھکے لگانے کے علاوہ اپنی میڈیم پیس بولنگ سے چار وکٹیں بھی حاصل کیں۔مظفرآباد ٹائیگرز کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے انور علی نے 158.58 کے سٹرائیک ریٹ سے 8چھکے لگاتے ہوئے 157 رنز بنائے اور اس کے ساتھ ساتھ دو وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔کشمیر پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیتنے والی ٹیم راولاکوٹ ہاکس کے کپتان شاہد آفریدی ڈریم ٹیم کی قیادت کریں گے جنہوں نے کے پی ایل کے اولین سیزن میں محض 20.62کی اوسط اور 7.5کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 8کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا جبکہ بیٹنگ میں شاہد آفریدی چار اننگز میں دو چھکوں سمیت 52 رنز بنا سکے۔لوئر آرڈر میں محمد وسیم جونیئر کی موجودگی کسی سرمائے سے کم نہیں جنہوں نے مظفرآباد ٹائیگرز کیلئے کھیلتے ہوئے چھ اننگز میں 216کے دھواں دھار سٹرائیک ریٹ سے کھیلتے ہوئے10زوردار چھکے لگائے۔ دوسری جانب محمد وسیم جونیئر نے 6 وکٹیں لیتے ہوئے خود کو بہترین آل راﺅنڈر ثابت کیا۔راوالاکوٹ ہاکس کی ٹیم یقینی طور پر آصف آفریدی کی شکرگزار رہے گی جنہوں نے فائنل کے آخری اوور میں دس رنز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے راولاکوٹ ہاکس کو چمپئن بنوادیا۔ بائیں ہاتھ سے سپن بولنگ کرنے والے آصف آفریدی نے 15.16کی غیر معمولی اوسط اور 7کے حیران کن اکانومی ریٹ کے ساتھ 12وکٹیں لیتے ہوئے بولنگ ٹیبل پر دوسرا درجہ حاصل کیا۔بولنگ ٹیبل پر 16وکٹیں لے کر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے سلمان ارشاد اس ڈریم ٹیم کا حصہ ہیں جنہوں نے میرپور رائلز کیلئے کھیلتے ہوئے 15.18کی اوسط سے سب سے زیادہ وکٹیں اپنے نام کیں۔کشمیر پریمیئر لیگ کی دریافت اگر راوالاکوٹ ہاکس کے فاسٹ بولر زمان خان کو کہا جائے تو غلط نہ ہوگا جنہوں نے اپنی تیز رفتار گیندوں سے 10بیٹسمینوں کو پویلین کا راستہ دکھایا اور 7.73کا اکانومی ریٹ زمان خان کی نپی تلی بولنگ کا ایک اور ثبوت ہے۔کشمیر پریمیر لیگ ڈریم ٹیم میں شان مسعود (باغ سٹالیئنز)،ذیشان اشرف (مظفرآباد ٹائیگرز) وکٹ کیپر،احسان علی (کوٹلی لائنز)،کاشف علی (راولاکوٹ ہاکس)،حسین طلعت (راولاکوٹ ہاکس)،انورعلی (مظفرآباد ٹائیگرز)،شاہد آفریدی (راولاکوٹ ہاکس) کپتان،محمد وسیم جونیئر (مظفرآباد ٹائیگرز)،آصف آفریدی (راولاکوٹ ہاکس)،سلمان ارشاد (میرپور رائلز)،زمان خان (راولاکوٹ ہاکس)،ارشد اقبال (مظفرآباد ٹائیگرز) بارہواں کھلاڑی ہونگے ۔

یہ بھی پڑھیں:کل کہاں کہاں  تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش۔۔؟
٭٭٭٭٭