وزارت تعلیم کی جا نب سے 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ

May 24, 2021 | 20:11:PM
وزارت تعلیم کی جا نب سے 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزارت تعلیم کی جا نب سے 20 جون کے بعد ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ، گرمیوں کی چھٹیاں محدود دی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی کا 29 واں اجلاس آج وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام صوبائی وزرائے تعلیم بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور متعلقہ سیکریٹریز نے شرکت کی۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی نے ملک بھر میں امتحانات کے انعقاد کے لیے تمام ممکنہ آپشنز کا تفصیلی جائزہ لیا اور فیصلہ کیا کہ امتحانات 20 جون کے بعد سے شروع کیے جائیں گے تاہم حتمی تاریخ کا اعلان متعلقہ صوبے خود کریں گے۔
گرمیوں کی چھٹیوں کے حوالے سے بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ محدود تعداد میں ہوں گی جبکہ اس سال کسی کو بھی بغیر امتحان اگلی جماعت میں پروموٹ نہیں کیا جائے گا۔اس کے علاوہ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کی روشنی میں این سی ایچ ڈی اور بیکس کے اسٹاف کی 30 جون کے بعد صوبوں کو منتقلی کے معاملے پر بھی کمیٹی میں تبادلہ خیال کیا گیا اور کمیٹی کے چیئرمین شفقت محمود نے کہا کہ اس ضمن میں صوبے جلدی اعلامیہ جاری کریں گے۔بین الصوبائی وزرائے تعلیم کمیٹی میں نیشنل ایجوکیشن اسسمنٹ فریم ورک کو بھی صوبوں کے ساتھ شیئر کیا گیا اور اس کی اصولی منظوری دے دی گئی۔اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شائستہ، ڈی جی ایف جی ای آئی کینٹ اینڈ گیریڑن میجر جنرل اصغر اور سیکریٹری آئی بی سی سی بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم اور چیئرپرسن پیرا ضیا بتول نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ آج سے لے کر 15 جون تک کوئی امتحان نہیں ہو گا اور نویں سے 12ویں جماعت کے جن امتحانات کو مئی کے آخر میں شروع ہونا تھا، انہیں مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کے مختلف حصوں میں تعلیمی سرگرمیاں اور سیاحت بحال