سینئر پارلیمینٹیرین کونسل کا  پہلا اجلاس مایوس کن، صرف3ارکان کی شرکت

Mar 24, 2021 | 11:20:AM
سینئر پارلیمینٹیرین کونسل کا  پہلا اجلاس مایوس کن، صرف3ارکان کی شرکت
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) نو تشکیل شدہ سینئر پارلیمینٹیرین کونسل کا  پہلا اجلاس ہی مایوس کن رہا، اپوزیشن کے ساتھ ساتھ حکومتی ارکان کی اکثریت کو بھی 15 رکنی ایس پی سی  کی افادیت نظر نہیں آئی۔اجلاس میں کنوینر سمیت صرف 3 ارکان نے شرکت کی۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ہونے والا اجلاس 6 مارچ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن ارکان کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کی بدسلوکی کے معاملے پر بات چیت کے لئے بلایا گیا تھا۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے جاری بیان کے مطابق اجلاس کی سربراہی سید فخر امام نے کی اور اس میں وزیر دفاع پرویز خٹک کے علاوہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی روابط ڈاکٹر فہمیدہ مرزا شریک ہوئیں۔ اجلاس میں فخر امام نے کونسل کی ٹرم آف ریفرنسز پڑھ کر سنائیں اور اس کے بعد اجلاس چند لمحوں میں ہی ختم ہوگیا۔اجلاس کے دوران فخر امام نے پرویز خٹک اور فہمیدہ مرزا پر مشتمل ایک سب کمیٹی بھی قائم کردی تاکہ کونسل کی کارروائی میں دیگر ارکان کی بامعنی شرکت کے لئے ان سے رابطہ کیا جائے اور پارلیمنٹ میں پارلیمانی روایات کو مضبوط بنایا جائے۔

یاد رہے کہ اپوزیشن ارکان نے ایوان کی کمیٹی برائے قواعد و مراعات کی موجودگی میں اس کونسل کو غیر ضروری اور بیکارقرار دیا تھا اور اسکےساتھ ہی ایوان کی کارروائی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی مبینہ جانبداری کے باعث انکی تشکیل دی گئی کسی بھی کمیٹی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔