ایک گلی بھی مرمت نہیں ہوئی، بزدار پروٹوکول انجوائے کررہے ہیں:عظمیٰ بخاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بزدار صاحب پنجاب نہیں آپ کے رشتے دار اور فرنٹ مین ترقی کر رہے ہیں۔ کب تک آپ اپنی سادگی اور شرافت کے ڈھونگ کے پیچھے چھپتے رہیں گے۔ جس شخص کو کوئی اینٹوں کے بھٹے پر منشی نہ رکھے عمران خان نے اس کے حوالے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ کردیا ہے۔عثمان بزدار نے اڑھائی سالوں میں پروٹوکول انجوائے کرنے کے علاوہ ایک گلی بھی مرمت نہیں کرائی۔
وزیراعلی عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بزدار صاحب آپ نے کونسی دودھ اور شہد کی نہروں کی کھدائی کرائی ہے جن کے راستے میں پی ڈی ایم رکاوٹیں کررہی ہے آپ باقاعدگی سے اپنی وٹس ایپ کلاسز لیں اور اپنی سرکار سے روزانہ دم درود کرایا کریں۔ آپ کے کچھ وزیر آپ کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ان کےلئے چلہ کاٹیں۔ پنجاب کے عوام آج شہبازشریف کی گڈ گورننس اور مینجمنٹ کو یاد کررہے ہیں۔
عظمیٰ خاری نے کھوکھر پیلس گرانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے سٹے آڈر کے باوجود بزدار انتظامیہ نے کھوکھر پیلس گرایا۔ بزدار انتظامیہ توہین عدالت کے مرتکب ہوئی ہے۔ کھوکھر برادران کو نوازشریف کا ساتھ دینے کی سزا دی جارہی ہے۔ بزدل حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے نوازشریف کے شیر گھبرانے والے نہیں۔