عمران خان سلیکٹیڈ وزیراعظم تھا، جمہوری طریقے سے گھر بھیجاگیا،بلاول بھٹو

Oct 23, 2022 | 20:06:PM
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، جمہوریت کی ترقی، بڑی کامیابی، عمران خان، پہلا وزیراعظم، آئینی طریقہ، گھر بھیجا،
کیپشن: بلاول بھٹو عاصمہ جہانگیرکانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ملکی صورتحال کا جائزہ لیں تو یہ حقیقت ہے کہ سب اچھا نہیں ہے جمہوریت کی ترقی کیلئے یہ بڑی کامیابی ہے کہ عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جسے عدم اعتماد کے بعد آئینی طریقہ سے گھربھیجا ہے۔ عمران خان ایک سلیکٹیڈ وزیراعظم تھا جسے جمہوری طریقے سے گھر بھیجاگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں "جمہوری حقوق کے حصول میں سیاسی جماعتوں کا کردار" کے عنوان سے عاصمہ جہانگیر کانفرنس کا اختتامی سیشن ہوا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بطور مقرر شریک ہوئے،سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ، رکن قومی اسمبلی اختر جان مینگل ، تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی منزہ حسن بھی بطور مقرر شریک ہوئیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں شرکت کیلئے پہنچے توپیپلز پارٹی کے کارکنوں کی شدید نعرے بازی کی گئی، ہال” زندہ ہے بھٹو زندہ ہے“ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاصمہ جہانگیر آئین کی بالادستی کی جدوجہد میں رول ماڈل تھیں، ملکی صورتحال کا جائزہ لیں تو یہ حقیقت ہے کہ سب اچھا نہیں ہے جمہوریت کی ترقی کیلئے یہ بڑی کامیابی ہے کہ عمران خان پہلا وزیراعظم ہے جسے عدم اعتماد کے بعد آئینی طریقہ سے گھربھیجا ہے۔ 
وزیر خارجہ کاکہناتھا کہ عمران خان ایک سلیکٹیڈ وزیراعظم تھا جسے جمہوری طریقے سے گھر بھیجاگیا،ان کاکہناتھا کہ جو بھی وزیراعظم آتا ہے آئندہ وزیراعظم کا احتساب جمہوری طریقہ سے ہونا چاہئے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ عمران خان نے حکومت چھوڑتے وقت ملکی معیشت پر خودکش حملہ کردیا تھا، تمام سیاسی جماعتوں نے عمران خان کی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایاتھا، ہم نے حکومت کا حصہ بن کر سیاسی قیمت ادا کی لیکن ملک کو ڈیفالٹ سے بچا لیا۔
ان کا کہناتھا کہ ملک کو عمران کی خودکش معاشی پالیسیوں سے بچایا تو سیلاب کی آفت نے ملک کی معیشت کو آن لیا، آج تک بلوچستان اور سندھ کے کئی علاقے سیلابی پانی کے باعث زیرآب ہیں،تین کروڑ 30لاکھ پاکستانی سیلاب کی تباہ کاریوں سے متاثر ہوئے ہیں، اس وقت سیاست کی بجائے سب سے بڑا ملکی مسئلہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال ہے۔
انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے مسائل کو ترقی یافتہ ممالک کے سامنے اجاگر کررہے ہیں،پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک کیلئے بحالی کے بعد پائلٹ پروجیکٹ بنائیں گے،سیلاب متاثرہ علاقوں کے مکینوں کی بحالی کیلئے ملازمت کے بہترین مواقع پیدا کریں گے۔
وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ سیاسی مسائل کو بالائے طاق رکھ کر سیلاب متاثرین کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہئے،پاکستان کے پارلیمانی اور جمہوری نظام کا ملکر دفاع کریں گے،نئی نسل کو ہرقسم کی انتہا پسندی سے بچائیں گے،انتشار ،انتہاپسندی اور ایک آدمی کی انا کو رد کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عابد شیر علی کیخلاف شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے پر مقدمہ درج