ممنوعہ فنڈنگ کیس: عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع

Nov 23, 2022 | 10:40:AM
بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع دے دی۔ عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی گئی
کیپشن: سابق وزیراعظم عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (ویب ڈیسک) بینکنگ کورٹ اسلام آباد نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع دے دی۔ عمران خان اور فیصل مقبول کی طبی بنیادوں پر استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کر لی گئی۔

بینکنگ کورٹ اسلام آباد کی جج رخشندہ شاہین نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کی درخواست پر سماعت کی۔ پراسیکیوٹر راجہ رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ دیگر شریک ملزمان سردار اظہر، سید یونس، حامد زمان، طارق شفیع، سیف اللہ نیازی اور عامر محمود کیانی بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے وکیل نعیم کی جانب سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔ عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان پہلے بھی عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، طبعیت کی ناسازی کے باعث پیش نہیں ہو سکے، آج کا استثنی دیا جائے۔ بعدازاں عدالت نے عمران خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 14 دسمبر تک توسیع کر دی۔

دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد  نے کار سرکار میں مداخلت اور احتجاج کے خلاف تھانہ آئی نائن میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید، عامر کیانی اور راجہ خرم نواز کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے درخواست ضمانت پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔

ادھر سینیٹر فیصل جاوید نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پر متعدد مقدمات کیے گئے، گنتی ختم ہوگئی لیکن مقدمات ختم نہیں ہو رہے، حکومت نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو دہشت گرد بنا دیا، عمران خان پر ابھی بھی مقدمات درج ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان صبح اٹھتے ہیں تو ان کے سامنے نیا مقدمہ پڑا ہوتا ہے، ملک میں معاشی استحکام تب ہی آئے گا جب سیاسی استحکام ہوگا، ملک کے برے حالات ہیں، معیشت گِر گئی ہے، شفاف انتخابات کی جانب جلد جائیں گے، پرامن احتجاج ہوگا۔