مسلح افواج کے 8 افسروں کی سول سروس میں شمولیت

Sep 21, 2023 | 22:05:PM
مسلح افواج کے 8 افسروں کی سول سروس میں شمولیت
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)مسلح افواج کے 8 افسروں کی سول سروس میں شمولیت کی گئی ہے، فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے اِس حوالے سے منعقدہ امتحان میں کامیاب امیدواروں کے نتائج جاری کر دیئے ہیں.

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے مطابق نفسیاتی و زبانی امتحان میں تینوں مسلح افواج سے مجموعی طور پر 8 امیدوار کامیاب قرار دیئے گئے ہیں، کامیاب امیدواروں کی مسابقتی امتحان 2022 میں انڈکشن کر کے اُن کا پولیس سروس آف پاکستان، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور فارن سروس آف پاکستان میں تقرر کیا گیا ہے۔

فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاک فوج سے کامیاب قرار پانے والے 5 امیدواروں میں سے کیپٹن عبدالوہاب عامر اور کیپٹن محمد صہیب امین کا پولیس سروس آف پاکستان، کیپٹن نجف امیر خان کا فارن سروس آف پاکستان، کیپٹن ارشد اقبال اور کیپٹن کبیر احمد کا پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں تقرر کیا گیا ہے۔

مزید برآں پاک فضائیہ سے کامیاب قرار دیئے گئے 2 امیدواروں سکواڈرن لیڈر صدام اختر کا پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس اور فلائٹ لیفٹیننٹ محمد علی کا فارن سروس آف پاکستان میں تقرر کیا گیا ہے جبکہ پاک بحریہ سے کامیاب قرار دیئے گئے ایک امیدوار لیفٹیننٹ فیصل مجید کا پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس میں تقرر کیا گیا ہے۔