ملک میں موسلادھار بارشیں، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

Mar 21, 2023 | 08:22:AM
رواں ہفتے کے دوران ملک میں مزید بارشوں کا امکان ہے
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) رواں ہفتے کے دوران ملک میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والا نیا سسٹم آج سے ملک میں داخل ہو گا جو کل تک ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے جمعہ کے روز تک اسلام آباد، سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختو نخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے اکثر علاقوں میں تیز بارش کا امکان ہے۔

پنجاب

پنجاب میں مری، گلیات، خطہ پوٹھوہار، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، فیصل آباد، جھنگ، خوشاب، بہاولنگر، اوکاڑہ، شیخوپورہ، حافظ آباد، لاہور، قصور میں چند مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گجرات، نارووال، سیالکوٹ، میانوالی اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ صوبے کے دیگر علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم خشک رہے گا۔

سندھ

سندھ کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی یبر آلود رہے گا۔ کراچی میں آج شام یا رات میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ شہر قائد کا موسم دوپہر کے اوقات گرم رہے گا۔

شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ دوپہر کے اوقات میں 31 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کیا جائے گا۔ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے۔

شہر قائد میں آلودگی برقرار ہے۔ پاکستان کے آلودہ شہروں میں کراچی پہلے نمبر پر آگیا۔ دنیا کے آلودہ شہروں میں بھی کراچی دوسرے نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودگی کے ذرات کی تعداد 181 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس وقت ہوائیں شمال مشرق کی جانب سے چل رہی ہیں۔ شام کے اوقات میں ہواؤں کا رخ تبدیل ہو کر جنوب مغرب ہونے کا امکان ہے۔ شہر میں اس وقت مطلع کہیں صاف کہیں جزوی طور پر ابر آلود ہے۔

ہوائیں نہ ہونے کے برابر یعنی 2 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ آج رات تک شہر کے بیشتر علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 21 سے 23 مارچ کے درمیان مغربی ہواؤں کا سلسلہ ایک بار پھر شہر قائد میں بادل برسا سکتا ہے۔ آج رات سے سسٹم کے زیر اثر آندھی اور گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ تمام ادارے بارش کے دوران الرٹ رہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا میں سوات، دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالا کوٹ، کوہاٹ، کوہستان، پشاور، مردان، کرم، وزیرستان، ڈی آئی خان اور بنوں میں آندھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔ رات کے اوقات میں پنجگور، کیچ، گوادر، پسنی، جیوانی، لسبیلہ، دالبندین، قلات، خضدار، تربت، آواران اور مکران میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارلحکومت کوئٹہ میں درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیارت میں درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

قلات میں درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ، گوادر میں درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ، سبی میں درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ، جیوانی میں درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

کشمیر، گلگت بلتستان

کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔