پاکستان میں آج عیدالاضحی منائی جارہی ہے،نمازکے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملکی سلامتی کی دعائیں

Jul 21, 2021 | 08:54:AM
 پاکستان میں آج عیدالاضحی منائی جارہی ہے،نمازکے اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملکی سلامتی کی دعائیں
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ملک بھر میں آج لوگ عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منا رہے ہیں۔کراچی، لاہور ،اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ، سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ، مقبوضہ کشمیر، ملک کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور کورونا وبا کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ نمازعید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد ملک بھر میں سنت ابراہیمی ادا کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق  علمائے کرام، مشائخ عظام اورمفتیان کرام نے نماز کی ادائیگی کے بعد اسلام کی حقیقی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی دعائیں کرائیں۔ امت مسلمہ کورونا وائرس جیسی مہلک وبا سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعا کی گئی۔حکومتی ہدایات کے پیش نظر نمازعید الاضحیٰ سماجی فاصلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے ادا کی گئی جبکہ نمازیوں کی جانب سے منہ پر ماسک پہننے کا بھی اہتمام کیا گیا۔شہری نماز عید کے بعد اپنے مرحومین کی قبروں پر فاتحہ خوانی کے لئے بھی جارہے ہیں۔مختلف شہروں میں قائم مویشی منڈیوں میں اب بھی کئی بیوپار اپنے جانوروں کے لئے خریداروں کے انتظار میں ہیں۔عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظرمحکمہ داخلہ سندھ نے عید الاضحیٰ پرایس اوپیز جاری کردی ہیں جس کے تحت رہائشی علاقوں میں گھروں کے سامنے سڑکوں، گلیوں میں قربانی کی اجازت نہیں ہے،

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی پر عالم اسلام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کورونا کے عالمی امتحان میں سرخرو ہونے کے لیے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرے، عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں، سماجی فاصلہ رکھیں۔ایس او پیز کے تحت ایک دوسرے سے بغل گیر ہو کرعید کی مبارکباد دینے اسے اجتناب کیا گیا۔ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے اجتماعی قربانی کے رحجان میں اضافہ دیکھنے میں آ یا ہے۔عید الاضحی کے موقع پر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قربانی کا جذبہ عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کرسکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو،قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنی خواہشات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔پیپلز پارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ، اللّٰہ تعالیٰ کی رضا کے سامنے غیر مشروط طور سر بسجود ہونے اور اس پر کامل یقین رکھنے کی یاد دلاتی ہے، اور اپنی ذات کو بالائے طاق رکھ کر ایک عظیم مقصد کی خاطر قربانی دینے کا درس ہے۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے  بھی اپنے پیغام میں عالم اسلام کو حج اور عیدالاضحٰی کی مبارک دی اور کہاہے کہ حج اس بار بھی کورونا وبا کے مصائب میں آیا ہے، اللّٰہ تعالی اس موذی مرض سے دنیا کونجات دے۔
 یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب میں شادی کے خواہشمند افراد کے لئے محمد بن سلمان کا اہم اعلان