ثاقب نثار نے جعلی سرٹیفکیٹ پر عمران خان کو این آر او دیا:مریم اورنگزیب

Dec 21, 2020 | 14:57:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان کا گھر 12لاکھ میں ریگولرائز کردیا گیا ہے،یہ 12 لاکھ عامر کیانی نے ادا کرنے ہیں جو انہوں نے ادویات سے کمائے،آج عمران کا گھر ریگولرائز کرنے کا مطلب  ہےپہلے یہ غیرقانونی تھا۔

مسلم لیگ ن کی ترجمان  مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان کی دھمکیاں اور رویہ وزیراعظم والا نہیں،سیاسی مخالفین سے انتقام لینے کیلئے کرپشن کا بیانیہ دیا گیا، حکومت اڑھائی سال میں بدترین سیاسی انتقام کرتی رہی ہے۔ہم بھی اس لڑائی میں پورا تریں گے۔

انہوں نے سوالات اٹھاتے ہوئے کہا  کیا بی آر ٹی پشاور اور بلین ٹری کا احتساب ہوا؟ آٹا، چینی کی چوری کا حساب ہوا؟ملک کی معیشت ٹھیک کرنے کے لئے کسی شہری کو کٹے، مرغیاں  اور بکریاں ملیں؟  پچاس لاکھ گھروں کے وعدے میں سے ایک بھی گھر نہیں دیا گیا۔ملک کے سرکاری اداروں میں اڑھائی سالوں میں کرپشن ختم نہیں ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ چینی سرمایہ کاری جو پاکستان میں آنا تھی جس پر نواز شریف 6زون  بنا کر گئے تھےان میں سے  آج تک ایک زون بھی نہیں چلا۔سی پیک میں ایک بھی نیا منصوبہ نہیں لگا، فارن پالیسی ناکام ہوئی اور  کشمیر کا سودا بھی کردیا گیا۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ  ملک کی تاریخی کی سب سے بڑی کرپشن اس حکومت کے دور میں ہے۔چینی سمیت ہر مد میں کرپشن ہوئی، حکومت مافیاز چلارہے ہیں، مہنگائی تاریخی سطح پر ہے۔ملک کی ترقی منفی میں چلی گئی،برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا، گزشتہ اڑھائی سال میں چودہ سو ارب کا قرض لیا گیا۔عالمی سطح پر پاکستان کا مقام نیچے چلا گیا ہے۔