چلو چلو لاہور چلو، نواز شریف کی واپسی، متوالے پُرجوش

Oct 20, 2023 | 18:39:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف 21 اکتوبر کو 4 سال بعد وطن واپس آرہے ہیں۔ جس کے استقبال کیلئے ملک بھر سے پارٹی کارکنان کے قافلے لاہور کیلئے رواں دواں ہیں۔ 

کراچی کے سٹی اسٹیشن سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی لاہور روانگی کیلئے آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور نعرے لگائے جبکہ پارٹی نغمے بھی بجائے گئے۔ کراچی سے ایک ہزار سے زائد کارکنان کا قافلہ ٹرین پر لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔

سابق گورنر سندھ اور لیگی رہنما محمد زبیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ لوگوں کے جوش و خروش کا ہمیں پہلے سے پتا تھا لیکن اتنے لوگوں کے آنے کی امید نہیں تھی۔ اتنی بڑی تعداد میں لوگوں نے سندھ میں کبھی کسی سیاسی رہنما کو عزت نہیں دی ہے۔ نواز شریف جب خطاب کریں گے تو لوگوں کی مشکلات دور کرنے کے حوالے سے بھی بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: نوازشریف کا شہبازشریف اور مریم کوفون، جلسہ کی تیاریوں سے متعلق معلومات لیں

محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلے بھی اس قوم کو ترقی دی تھی اور اب بھی سب کی نواز شریف سے ہی امید ہے، 2013ء کی حکومت میں بھی پہلے تین مہینے میں بڑے پراجیکٹ شروع کردیے گئے تھے، جو لوگ ہمارے ساتھ جائیں گے ان کی لسٹ بنی ہوئی ہے، الیکشن میں ہر سیاسی جماعت کو سنجیدہ لینا چاہیئے، جو بھی سیاسی مشکلات تھیں وہ نواز شریف کے آنے سے ختم ہوجائیں گی۔

لیگی رہنما بشیر میمن کا کہنا تھا کہ سارے کارکنانِ کا وہی جذبہ ہے جیسا کہ سینئر رہنما کا ہوتا ہے، بہت سے لوگ اپنی اپنی گاڑیوں میں یہاں سے روانہ ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب میاں نواز شریف کی چار سال بعد آمد پر متوالے اور کارکنان خوشی سے نہال ہیں جہاں سے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سید جی ایم شاہ کی قیادت میں لیگی کارکنان ٹرین مارچ میں شرکت کیلئے اسٹیشن پہنچ گئے، محبوب قائد کی آمد پر متوالے کارکنان نے پلیٹ فارم پر پارٹی ترانوں پر رقص بھی کیا۔