’’جیا بے قرار ہے چھائی بہار ہے‘‘ اداکارہ نمی کاآج 88 واں یوم پیدائش

Feb 18, 2021 | 10:55:AM
’’جیا بے قرار ہے چھائی بہار ہے‘‘ اداکارہ نمی کاآج 88 واں یوم پیدائش
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24  نیوز)بھارت کی فلم انڈسٹری کی نامور  اداکارہ نمی کاآج 88 واں یوم پیدائش ہے۔ان کا اصل نام نواب بانو تھا، نمی18 فروری 1933 کو آگرہ میں پیدا ہوئی۔انہوں نے 50 اور 60  کی دہائی میں بھارتی فلموں میں راج کیا۔

تفصیلات کے مطابق نمی کی والدہ کا نام وحیدن تھا، جو اپنے وقت کی معروف گلوکارہ تھیں اور فلموں میں کام بھی کرتی تھیں، نمی کے والد عبدالحکیم ایبٹ آباد پاکستان کے رہنے والے تھے، وحیدن ممبئی کی فلم انڈسٹری میں خاصا اثر و رسوخ رکھتی تھیں، خاص طور پر ان کے خاندان کے تعلقات ہدایت کار محبوب خان کے ساتھ کافی اچھے تھے۔اداکارہ نمی ابھی 9 ہی برس کی تھیں کہ انکی والدہ  کا انتقال ہو گیا، جس کے بعد ان کے والد نے انہیں انکی دادی کے پاس ایبٹ آباد بھیج دیا ۔تقسیم ہند کےبعد عبدالحکیم اپنی والدہ اور بیٹی کو لیکر ممبئی آگئے، جہاں ان کے بھائی یعنی نمی کے چچا مستقل رہائش پذیر تھے۔نمی کی چچی جیوتی بھی کسی دور میں اداکارہ رہ چکی تھیں۔نمی کی والدہ وحیدن 1930 کی دہائی میں محبوب خان کے ساتھ کام کر چکی تھیں۔اسی تعلق کی بناء پر محبوب خان نمی (نواب بانو )کے ساتھ خصوصی شفقت رکھتے تھے۔1948 میں جب وہ اپنی فلم ’’انداز‘‘ بنارہے تھے تو انہوں نے نمی سے سٹوڈیو آ  کر فلم کی شوٹنگ دیکھنے کے لئے کہا، جس پر انہوں نے سٹوڈیو آنا جانا شروع کر دیا۔ معروف اداکار راج کپور اپنی فلم ’’برسات‘‘ کے لئے دوسری اداکارہ کی تلاش میں تھے۔مرکزی کردار کے لئے وہ نرگس کا انتخاب کر چکے تھے۔کہانی کے مطابق انہیں ثانوی  کردار کے لیے ایک معصوم صورت لڑکی کی تلاش تھی، فلم ’انداز‘ کے سیٹ پر راج کپور کی نظر نمی پر پڑی تو انہوں نے محبوب خان سے بات کی تو انہوں نے نمی کو کام کرنے پر راضی کرلیا۔ اسطرح نمی کا فلموں میں اداکاری کرنے کا آغاز ہوا۔ انہوں نے  آن، برسات ، امر ، اڑن کھٹولا، دیدار ، کندن ، میرے محبوب، داغ ، سزا، بھائی بھائی اور سوہنی مہینوال جیسی متعدد بے مثال فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

اداکارہ نمی 25 مارچ2020 کو ممبئی میں انتقال کر گئیں۔