اسلام آباد: پولیس کانسٹیبل بیٹے سمیت ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ سے جاں بحق، ویڈیو منظر عام پر آگئی

Dec 17, 2023 | 21:18:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فرزانہ صدیق) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی و راہزنی کی کوشش ناکام بنانے کی کوشش کرتے ہوئے ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف اور ان کا بیٹا ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 17 دسمبر کو کانسٹیبل محمد اشرف اپنے بیٹے کے ہمراہ تھانہ رمنا کی حدود سیکٹر جی-11 سے گزر رہے تھے کہ انہوں نے راہزنوں کو واردات کرتے ہوئے دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل اشرف نے راہزنوں کو پکڑنے کی کوشش کی اور اس دوران ان کا بیٹا بھی مدد کو آیا لیکن اسی دوران ڈکیتوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

 فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل اور ان کا بیٹا دونوں شدید زخمی ہوگئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ 

اسلام آباد پولیس کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل محمد اشرف نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر انتہائی بہادری سے جرائم پیشہ عناصر کا مقابلہ کیا اور وطن پر قربان ہوگئے۔

ادھر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان کو شہری سے چھینا جھپٹی کرتے دیکھ کر پولیس اہلکار محمد اشرف نے ملزمان کی طرف دوڑ لگائی اور مسلح ملزمان کو دبوچ کر بیٹے کو آواز دی۔

اس دوران پولیس اہلکار کو حاوی دیکھ کر ایک ملزم نے پستول نکال لیا اور دوسرے ملزم نے محمد اشرف کے سینے پر گولی مار دی اور اس کے بعد مسلح ملزمان نے ان کے بیٹے پر فائرنگ کردی۔

 جاں بحق ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کی نماز جنازہ پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ادا کردی گئی جس میں پولیس، ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور عوام نے شرکت کی۔ 

جاں بحق ہیڈ کانسٹیبل کا جسد خاکی تدفین کیلئے سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کردیا گیا۔


دوسری جانب کانسٹیبل اشرف اور ان کے بیٹے کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بھانجے کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول گولڑہ شریف میں بطور ٹیچر تعینات ہوں، ماموں ڈیوٹی سے واپس آئے تو دو مشکوک موٹر سائیکل سوار چوری کر رہےتھے، میرے ماموں کا موٹرسائیکل 2 ہفتے قبل بھی اسی جگہ سے چوری ہوا تھا، ماموں نے ان کو پکڑنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فائرنگ کردی، میرا کزن ذیشان بھی زمین پر گرے والد کو اٹھانے آیا تو اس کو بھی 3 گولیاں ماریں، ملزمان فائرنگ کے بعدفرار ہوگئے، ان کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کے بعد ایس ایچ او تھانہ رمنہ عالمگیر خان کو معطل کردیا گیا جبکہ مزید کہا گیا کہ اشرف کو دو جبکہ بیٹے کو تین گولیاں لگیں، انہیں حملہ آوروں نے یہاں سے دو موٹر سائیکل پہلے بھی چوری کی جن میں سے ایک موٹر سائیکل اشرف کا تھا جو ایک ہفتہ پہلے چوری ہوا، پولیس نے  ملزمان کی تلاش میں کیمروں کے ذریعے ترنول تک پیچھا بھی کیا جبکہ جس موٹر سائیکل پر وہ فرار ہوئے اس کی نمبر پلیٹ بھی نہیں تھی۔