سعودی عرب:پہلی بار  خاتون فٹ بال کلب کی چیئرپرسن مقرر

Jul 16, 2021 | 10:47:AM
سعودی عرب:پہلی بار  خاتون فٹ بال کلب کی چیئرپرسن مقرر
کیپشن: فوٹو(بشکریہ العریبیہ نیوز)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب رپورٹ)سعودی عرب میں تمام شعبہ حیات میں خواتین کو مساوی موقع فراہم کرنے کی سمت میں اہم قدم اٹھاتے ہوئے پہلی بار  کسی خاتون کو  فٹ بال کلب کی چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔
العربیہ نیوز کی ویب رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے مشرقی صوبہ حفرالباطن میں قائم فلج (ایف ایل آئی جی) فٹ بال کلب کی مرد و خواتین دونوں کی الگ الگ ٹیمیں ہیں۔ پہلی بار  خاتون وکیل ابرار شاکر دونوں ٹیموں کے بورڈ کی سربراہ ہونگی۔انکا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ سعودی معاشرے میں خواتین اب ان شعبوں میں بھی آگے آرہی ہیں اور انھیں اہم ذمے داریاں سونپی جارہی ہیں جہاں بالعموم مردوں کی بالادستی یا اجارہ داری ہے۔منگل کے روز بھی ایک اوراہم پیش رفت دیکھنے کو ملی تھی جب ایک خاتون فوجی افسر عبیرالراشد نے سعودی خواتین پرمشتمل حج کی سکیورٹی فورسز کی پہلی میڈیا بریفنگ دی تھی۔ اس سے قبل رمضان کے مہینہ کے دوران میں خاتون پولیس افسروں نے مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے لئے خدمات انجام دی تھیں۔ سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اس سال کے اوائل میں خواتین کی مسلح افواج میں بھرتی کا عمل شروع کیا تھا اوروہ سعودی عرب کی برّی، فضائی اور بحری افواج کے علاوہ شاہی سعودی میزائل فورس اور مسلح افواج میڈیکل سروسز میں شمولیت اختیار کرسکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2016ء میں پیش کردہ ویژن 2030ء کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے اور مردوں کے مساوی ترقی کے مواقع مہیا کرنے کے لئے اقدامات کیے جارہے ہیں۔بہت سی صنعتوں اور کاروباروں میں پہلی مرتبہ خواتین کو ملازمتیں دی گئی ہیں اور مالیاتی اداروں میں ان کا انتظامی عہدوں کے لیے تقررکیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:   پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،نیب قوانین میں تبدیلی کرینگے، وزیراعظم