گوادر دھرنا ختم۔۔۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے مطالبات مان لئے

Dec 16, 2021 | 19:39:PM
گوادر، دھرنا ،ختم
کیپشن: گوادر دھرنا ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( 24نیوز)جماعت اسلامی نے بلوچستان کے ضلع گوادر میں وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے مطالبات منظور کئے جانے کے بعد پچھلے ایک ماہ سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع گوادر میں چند ہفتوں سے جاری دھرنے کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی کابینہ کے اراکین دھرنا گاہ پہنچے جہاں مولانا ہدایت الرحمان کو مطالبات کی منظوری سے متعلق بتایا۔جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکریٹری جنرل اور’ گوادر کو حق دو تحریک‘ کے قائد مولانا ہدایت الرحمٰن نے وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے مطالبات منظور کئے جانے کے بعد پچھلے ایک ماہ سے جاری دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی ماہی گیری پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اس سے متعلق محکمہ ماہی گیری اور کمنشر مکران کو ہدایت کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تمام جائز مطالبات ہیں، ان تمام لوگوں کو ترقی دینا اور ان بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہماری ترجیح میں شامل ہیں، گروک روڈ پر کام جلد شروع کیا جائے گا، پسنی-تربت روڈ کے لیے جلد ٹینڈر طلب کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ منگل کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم نے’حق دو گوادر کو‘ تحریک کے طویل احتجاجی دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے 2 وفاقی وزراء اسد عمر اور زبیدہ جلال کو گوادر جانے کی ہدایت کی تھی۔وزیراعظم عمران خان نے دونوں وزراء کو ہدایت کی تھی کہ گوادر کے عوام کے مسائل کے جلد حل کی سفارشات مرتب کریں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ  گوادر تحریک کے شرکاء سمندر میں غیرقانونی ٹرالنگ روکنے، مکران میں چیک پوسٹوں کے خاتمے اور گوادر کو پینے کے پانی کی فراہمی سمیت دیگر مطالبات کے حق میں احتجاج کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ10 افغان بے گناہ افراد کے قتل کا ہرجانہ ادا کرے۔۔ذبیح اللہ مجاہد