معروف کاروباری شخصیت گوہر اعجاز نگران کابینہ میں وزارت صنعت و تجارت کیلئے نامزد

Aug 16, 2023 | 23:22:PM
معروف کاروباری شخصیت ڈاکٹر گوہر اعجاز نگران کابینہ میں اہم وزارت کیلئے نامزد
کیپشن: ڈٓاکٹر گوہر اعجاز (فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(وقاص عظیم) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ کیلئے مشاورت مکمل کرلی جبکہ اس کی تشکیل کل تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔ حکومت نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو نگراں وزیر صنعت و تجارت بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ کی تشکیل حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی، ڈاکٹر گوہر اعجاز کو نگراں کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور وہ کل حلف اٹھائیں گے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز کو صنعت و تجارت کی وزارت کا قلم دان سونپنے کی تیاری کی جاری ہے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز مرحوم سینیٹر شیخ اعجاز احمد کے صاحبزادے ہیں، ان کا شمار معروف صنعتکاروں میں ہوتا ہے۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز ایک تجربہ کار کاروباری شخصیت، مخیر، اور ممتاز صنعت کار ہیں جو پاکستان کے ابھرتے ہوئے ٹیکسٹائل سیکٹر کی فخر کے ساتھ نمائندگی کرتے ہیں، وہ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ کے طور پر ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: بلوچستان، نگران وزیر اعلی کی نامزدگی، اپوزیشن نے پارلیمانی کمیٹی کیلئے 3 نام تجویز کر دئیے

انہوں نے پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر میں تبدیلی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں نئی ملازمتیں پیدا ہوئیں۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز کو ملک کے صنعتی شعبے میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سال 2022ء میں ستارہ امتیاز کے اعزاز سے نوازا گیا جبکہ رواں سال 2023ء میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی نے ان کو ہلال امتیاز سے نوازا۔

پنجاب یونیورسٹی نے ڈاکٹر گوہر اعجاز کو 2021ء میں مینجمینٹ کے شعبے میں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی تھی۔
ڈاکٹر گوہر اعجاز کا شمار ملک کے وژنری کاروباری حلقوں میں ہوتا ہے، گوہر اعجاز نے مستحق اور غریب مریضوں کے علاج معالجے کیلئے لاہور انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کا ٹرسٹ قائم کیا۔

اس ٹرسٹ کے تحت لاہور کے ہسپتالوں میں 30 ہزار مریضوں اور ان کے لواحقین کو مفت کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔ اعجاز احمد شیخ ٹرسٹ کے تحت جناح ہسپتال لاہور میں گردے کے مریضوں کیلئے 56 ڈائیلسز مشینیں لگائی گئی ہیں جبکہ ڈاکٹر گوہر اعجاز فاؤنڈیشن کے تحت لاہور اور گرد و نواح میں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کیلئے موبائل لیبارٹری شروع کی گئی ہیں۔