حریم شاہ نے بلاول پر تنقید کرنیوالوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا

Mar 13, 2022 | 12:25:PM
حریم شاہ، فائل فوٹو
کیپشن: حریم شاہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) حریم شاہ نےکانپیں ٹانگ رہی ہیں پر  بلاول بھٹو  کا مذاق اڑانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

حال ہی میں اسلام آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کے دوران جوش خطابت میں ایک بار پھر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زبان پھسل گئی تھی اور وہ ’ٹانگیں کانپ ‘رہی ہیں کہنے کے بجائے ’کانپیں ٹانگ‘ رہی ہیں کہہ گئے تھے۔بلاول کی لفظوں میں گڑبڑ کے بعد ’کانپیں ٹانگ‘سوشل میڈیا ٹرینڈ بن گیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت مشہور شوبز شخصیات بھی بلاول کے جملوں پر پیروڈی کرتے نظر آئے۔

 اب حریم شاہ نے بلاول پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ غلطی کسی سے بھی سرزد ہوسکتی ہے اور  بلاول بھٹو کی طرح گڑ بڑ کوئی بھی کرسکتا ہے اگر ہم مسلمان ہوتے ہم نے سورہ حجرات پڑھی ہوتی یا پھر ہمیں تھوڑی سی شرم ہوتی تو ہمیں پتہ ہوتا یوں کسی کا مذاق اڑانا اچھی بات نہیں ہے۔

ٹک ٹاکر کا کہنا تھا کہ ہم میں سے کوئی بھی یہ نہیں کہہ سکتا کہ میں بہت اچھی اردو بولتا ہوں، میرے خیال میں کسی کو بھی اتنی اچھی اردو نہیں آتی پھر چاہے وہ کوئی بھی سیاستدان ہو، غلطی تو ہر دور میں کسی نہ کسی سے ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول  کا مذاق ہم اس لیے اڑاتے ہیں کیوں کہ وہ باہر سے پڑھے ہوئے ہیں لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ہی انسان سیکھتا ہے، میری نظر میں بلاول کی اردو سب  سے منفرد اور اسٹائل بھی مختلف ہے۔

 انھوں نے کہا کہ بلاول کے لیے تو ہمیں خوش ہونا چاہیے کہ ایک نوجوان اور بہت خوبصورت انسان آگے آرہاہے جو کہ ان شاء اللہ مستقبل میں پاکستان کا وزیراعظم ہوگا۔

ٹک ٹاکر نے بلاول کے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جن سیاستدانوں نے بلاول کا مذاق اڑایا انھیں شرم آنی چاہیے کہ بلاول پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں، اتنے بڑے عہدوں پر بیٹھ کر ایک معصوم، نوجوان کا مذاق اڑاتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔

حریم شاہ نے اپنی گفتگو میں سوشل میڈیا صارفین سےبھی  ایک دوسرے کا مذاق نہ اڑانے کی درخواست کی۔انہوں نے کہا کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم پاکستان میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کا قانون نافذ کرنا چاہتے ہیں تو آپ بتائیں کیا کہ کسی کا مذاق اڑانے سے اسلامی قانون نافذ ہو سکتا ہے؟

حریم نے اپنے پیغام میں  مزید کہا کہ میری سپورٹ بلاول کے ساتھ ہے اور میں ان سے بہت محبت کرتی ہوں، بلاول ہی ہمارے اگلے وزیراعظم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:    ریچھ کا گھر میں گھس کر شہری پر حملہ؛ دل دہلا دینے والی ویڈیو