ملک میں اب اداروں کی نہیں عوام کی بالادستی ہوگی : فضل الرحمان

Jan 13, 2021 | 15:34:PM
ملک میں اب اداروں کی نہیں عوام کی بالادستی ہوگی : فضل الرحمان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ  ہم نے پاکستان کو امریکی کالونی نہیں بننے دینا، ملک میں جمہوری فضا نہیں ہے۔پاکستان کے مالک عوام ہیں یا کچھ طاقتور ادارے ؟ اب ہم اس ملک میں اداروں کی بالادستی کو تسلیم نہیں کریں گے، یہاں اب عوام کی بالادستی ہوگی۔

 

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کا لورالائی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  کہنا تھا کہ 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے، جلد اسلام آباد آرہے ہیں، ان کو چلتا کریں گے، یہ دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں کہ یہ چور ہیں اور وہ خود چور ہیں، پاکستان کو افغانستان نہ بنایا جائے۔

جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا یاد رکھیں عمران خان کو تو جانا ہی جانا ہے، یہ جعلی حکومت، جعلی وزیراعظم ہے اسے تو عقل ہی نہیں ہے، اسکاکوئی نظریہ نہیں،کبھی کہتاہے ریاست مدینہ ہوناچاہیے،کبھی کہتا ہے چینی نظام ہونا چاہیے، کبھی کہتا ہے ایرانی نظام کی ضرورت ہے،کبھی کہتا ہے امریکی نظام ہونا چاہیے۔

فضل الرحمان کا کہنا تھا لوگ حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں، یہ دوسروں پر الزام لگارہے ہیں کہ یہ چور ہے وہ چور ہے، آج ایسی حکومت آئی ہے کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ پرانے چوروں کو واپس لاؤ، تاکہ روٹی تو ملے، اس حکومت نے ملکی معیشت کا کباڑا کردیا، مائیں بازار میں اپنے بچے بیچ رہی ہیں،  والدین بچوں کو نہر میں پھینک رہے ہیں کیونکہ انہیں پالنے کے پیسے نہیں، غریب بازار میں اشیائے خورو نوش خریدنے کے قابل نہیں رہا، اس کی قوت خرید جواب دے چکی، اس لیے ملک بنایا تھا کہ اس قسم کے لوگ ہم پر مسلط ہوں گے اور ملک کے ذمہ دار ادارے ان کی پشت پر ہوں گے اور ان کے لیے دھاندلی کریں گے۔

پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہا  کہ ہم دھاندلی کی حکومت کو مسترد کرتے ہیں، ہماری جنگ پارلیمنٹ کی خودمختاری اور قانون کی عملداری کیلئے اور پاکستان میں جمہوری فضاؤں کی بحالی کیلئے ہے، ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اور قوم ایک پلیٹ فارم پر ہے۔