باپ بیٹا جاں بحق، لواحقین کا تدفین سے انکار، سی ڈی اے کیخلاف احتجاج

Jul 12, 2023 | 17:03:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(فرزانہ صدیق) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر آئی ٹین فور میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونیوالے باپ اور بیٹے کے لواحقین نے ان کی تدفین سے انکار کردیا۔

اس حوالے سے لواحقین کا مؤقف تھا کہ جب تک ہمیں انصاف نہیں ملتا ہم تدفین نہیں کریں گے، اس دوران لواحقین کی جانب سے آئی جے پی روڑ پر جنازے رکھ کر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا اور سی ڈی اے اور ایم سی آئی کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔

لواحقین نے الزام لگایا کہ اطلاع دینے کے باوجود ایمرجنسی سروسز کے ادارے تاخیر سے پہنچے، یہاں تک کہ 1122 کے ریسکیورز بھی ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچے جو اموات کی وجہ بنا۔

یہ بھی پڑھیے: کھلے مین ہول نے باپ بیٹے کی جان لے لی

ان کا مزید کہنا تھا کہ سی ڈی اے کی جانب سے ایسے خونی گٹروں کو کھلا رکھنا نااہلی ہے، سی ڈی اے نے کئی بار شکایات کے باوجود گٹر پر ڈھکن نہ رکھے۔

انتظامیہ کی جانب سے مذکرات کے بعد احتجاج ختم کردیا گیا۔

خیال رہے کہ کل وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر آئی ٹین فور میں ایک بچہ گٹر میں گرگیا جس کو نکالنے کیلئے والد نے بھی گٹر میں چھلانگ لگا دی، گٹر میں گرنے کے باعث پچاس سالہ عبدالرحمٰن اور چودہ سالہ بیٹا ارشد زندگی کی بازی ہار گئے تھے۔