سیاسی ماحول گرم۔ ترین گروپ بھی متحرک ۔ن اور ق کی ملاقات جلد متوقع

Feb 11, 2022 | 23:19:PM
اپوزیشن۔سیاست۔اجلاس۔شہباز شریف۔چودھری برادران
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) اپوزیشن کے رابطے اور موجودہ سےاسی صورتحال کے بعد ترین گروپ نے سیاسی طور پر سرگرم ہونے کا فیصلہ کرلیا ،آئندہ ہفتے باضابطہ اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے ۔ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کے رابطوں میں مزید تیزی آگئی ہے، گروپ گزشتہ روز غیر رسمی ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرچکا ہے اور مسلم لیگ (ن) کے رابطے کے بعد اب چودھری برادران سے ملاقات کرنے کی کوشش شروع کردی گئی ہیں، ان کے اور (ق) لیگ کے مشترکہ دوست ترین گروپ کے مرکزی رہنماﺅں کی چودھری برادران سے ملاقات کے لئے متحرک ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ کے ارکان کے باہمی رابطوں کا ابتدائی راؤنڈ مکمل ہوچکا ہے، اور اب آئندہ ہفتے بھرپور سیاسی سرگرمیوں کاسسلسلہ شروع کرے گا، اس حوالے سے باضابطہ اجلاس جلد طلب کئے جانے کاامکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترین گروپ سیاسی صورتحال سے الگ نہیں رہے گا اور اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کرے گا۔
 ادھر مسلم لیگ (ن) اور مسلم لےگ (ق) کی قیادت کے درمیان آئندہ ہفتے ملاقات کا بھی امکان ہے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پیشی اور پی ڈی ایم کے اہم اجلاس کے باعث مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) کے درمیان ملاقات کا وقت طے نہیں ہو سکا۔شہباز شریف اور چودھری بردران کی ملاقات آئندہ ہفتے کے دوران متوقع ہے۔شہباز شریف اور (ن) لیگ کا وفد وقت اور دن طے ہونے پر چودھری بردران کے گھر جائے گا۔شہباز شریف چودھری شجاعت حسین کی عیادت بھی کریں گے۔شہباز شریف چودھری برادران سے حکومت کے خلاف حمایت بھی مانگیں گے۔
یہ بھی پڑھیں۔ شاہ محمود بھی حکومت سے ناراض۔۔احتجاجی خط لکھ دیا