اسلامی انقلاب کی نوید۔۔ جماعت اسلامی کا جمعہ کو پاورشو۔۔ تیاریاں مکمل 

Mar 10, 2021 | 20:23:PM
 اسلامی انقلاب کی نوید۔۔ جماعت اسلامی کا جمعہ کو پاورشو۔۔ تیاریاں مکمل 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)جماعت اسلامی جمعہ کوفیصل آباد میں پاورشوکرے گی۔امیر جماعت سراج الحق تین بجے دھوبی گھاٹ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
جلسہ میں ہزاروں باپردہ خواتین بھی شریک ہوں گی۔ ضلعی امیرپروفیسرمحبوب الزماںنے جلسہ انتظامی کمیٹی کے انچارج ملک معراج الدین،انجینئرعظیم رندھاوا،شیخ محمدمشتاق ،عمرفاروق گجر کے ہمراہ المرکزالاسلامی چنیوٹ بازارمیں جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلہ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں کو تبدیل کرنے کا وقت آن پہنچا ہے فیصل آباد کا جلسہ حکمرانوں کی نیندیں اڑادے گا،کارکن ہرگھر اور دکان تک پیغام پہنچا رہے ہیں،کارکن جلسہ کو مثالی اور یادگار بنانے کے لئے میدان عمل میں نکل آئے ہیں۔
 محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ ملک میں قیادت کا ایک خلا پیدا ہوچکا ہے جسے صرف جماعت اسلامی پر کرسکتی ہے۔عوامی امنگوں پر پورا اتریں گے،عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔ تبدیلی کانعرہ مذاق بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت خرید ختم ہو چکی ہے جبکہ حکمرانوں کے پاس اپوزیشن کو چورڈاکو کہنے اور این آر او نہ دینے کے علاوہ کوئی بات نہیں، حکمرانوں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بےروزگاری پر جلد قابو پانے کی کوشش نہ کی تو بھوک کے مارے عوام سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
تحریک انصاف کی حکومت اپنے تابوت میں خود ہی آخری کیل ٹھونک رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف میں مبتلا کررکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ ، آئین و قانون کی حکمرانی ، عوام کے حقوق کی پاسداری اور ان کے سماجی معاشی مسائل کے حل کے لئے میدان عمل میں ہے۔ 
جماعت اسلامی اقتدار میں آکر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی کرے گی اور عوام کو تعلیم ، صحت کی سہولیات ان کی دہلیز پر مہیا کرے گی اور ملک کو اسلام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے گی۔ پاکستان کا مستقبل اسلامی نظام میں ہے۔12مارچ کا جلسہ پاکستان میں اسلامی انقلاب کی نویدثابت ہوگا۔