بجلی کا تعطل: سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبروں کا تانتا بندھا رہا

Jan 10, 2021 | 13:16:PM
بجلی کا تعطل: سوشل میڈیا پر جعلی اور جھوٹی خبروں کا تانتا بندھا رہا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) ملک بھر میں گزشتہ رات  بجلی کے بریک ڈاؤن نے معمولات زندگی کو شدید متاثر کیا، انٹرنیٹ استعمال کرنےوالے صارفین کو بھی پریشانی کا سامنا رہا۔ اس کے علاوہ  بریک ڈاؤن کے بعد  افواہوں کا بازار بھی گرم رہا۔ 

 تفصیلات کے مطابق بجلی بند ہونے کے بعد پاکستان کے بڑے حصے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہوگئی۔  ایک پرائیویٹ ادارے کےاعداد و شمار کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن سے ملک کا 62 فیصد حصہ انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم رہا، جس کے باعث گھریلو اور کاروباری افراد کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ انٹرنیٹ کی جانچ کیلئے استعمال ٹولز ریئل ٹائم ٹیلی میٹری کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کے 6 گھنٹے بعد انٹرنیٹ بحالی کے کچھ آثار نمودار ہوئے۔ دارالحکومت  اسلام آباد میں انٹرنیٹ سپیڈ اور سروس کی چیکنگ کے دوران بحالی کا عمل 52 فیصد رہا۔رپورٹ کے مطابق انٹرنیٹ رفتار اور اس کی فراہمی میں تعطل نیشنل گرڈ میں فنی خرابی کے باعث پیش آئی، جس نے پورے ملک میں انٹرنیٹ ٹریفک کو متاثر کیا۔

دوسری جانب جن لوگوں کو انٹرنیٹ اور بجلی کی سہولت میسر تھی، وہ لمحہ بہ لمحہ کی اطلاعات سے باخبر رہے، تاہم اسی دوران ایسے لوگ بھی حرکت میں آگئے، جنہوں نے اس بریک ڈاؤن کو بغیر تصدیق کے جعلی خبروں سے منسلک کیا۔پاکستان میں اچانک ہونے والے بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن پر سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس پر جعلی اور جھوٹی خبروں کا تاندھا بندھ گیا۔ کچھ لوگوں کی جانب یہ جھوٹی خبر شیئر کی گئی کہ بجلی کا بڑا تعطل بلوچستان میں ٹرانسمیشن لائن پر حملے کی وجہ سے ہوا ہے۔