اسلام آباد:وکلا کی ہنگامہ آرائی ،توڑ پھوڑ کا ایک اورمقدمہ درج
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں وکلا کی ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کا ایک اور مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کرلیا گیا جس میں 15 معلوم اور درجنوں نامعلوم وکلا کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمہ ایف 8 کچہری کے سکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔اس سے پہلے وکلاء کیخلاف ہائیکورٹ پر حملے کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں 30 سے زائد وکلاء کے خلاف ہائیکورٹ سکیورٹی افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج ہوا، ملزم وکلا کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ اور ضلع کچہری کی تمام عدالتیں آج بند رہیں گی۔ چیف جسٹس اطہرمن اللہ کے حکم پر آج کے تمام مقدمات کی فہرست منسوخ کر دی گئی۔ وکلاء احتجاج میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے بعد عدالتیں تاحکم ثانی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر اور باہر چاروں اطراف غیر معمولی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر اور باہر سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔