موبائل فون کی بندش :پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا

Feb 08, 2024 | 14:33:PM
موبائل فون کی بندش :پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز )پولنگ کے روز ملک بھر میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس کی بندش کیخلاف  پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے رجوع کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق  سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروا دی جس میں انہوں نے موقف اپنایا ہے  کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس نہ ہونے سے انتخابی عمل شدید متاثر ہو رہا ہے ،ووٹرز پولنگ سٹیشنز کے بارے میں معلومات حاصل نہیں کر پا رہے، موبائل اور انٹرنیٹ سروس کی بندش سے ووٹر ٹرن آؤٹ متاثر ہو گا،انتخابات کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال کی جائے۔

سینٹر تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو اپنے خط میں لکھا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو پاکستان بھر میں انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک کنیکٹیویٹی کی حالیہ غیر اعلانیہ رکاوٹوں پر تشویش ہے جو عام انتخابات پر بری طرح اثرانداز ہو رہی ہے، اس ملک گیر رکاوٹ کی وجہ سے ووٹرز اپنے پولنگ اسٹیشن سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کرنے یا پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی کے لیے لاجسٹکس کو مربوط کرنے سے قاصر ہیں، نیٹ ورک سروسز کے بند ہونے سے ووٹرز، امیدواروں اور انتخابی عملے کے لیے مسائل پیدا ہو گئے ہیں، قابل فہم طور پر، انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورکس تک رسائی کے بغیر، ووٹرز پولنگ اسٹیشنوں کے بارے میں اہم معلومات تک رسائی حاصل کرنے اور دیگر انتخابی طریقہ کار کی پیروی کرنے اور متعلقہ پولنگ اسٹیشنوں تک رسائی کے لیے رسد کو مربوط کرنے سے قاصر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ؛  آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے ووٹ کاسٹ کر دیئے

انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی  ہمارے ووٹروں کو متحرک کرنے، مہم کی کوششوں کو مربوط کرنے اور پولنگ کے دن کی نگرانی کے لیے موبائل کنیکٹیویٹی پر انحصار کر رہے ہیں، موبائل نیٹ ورک میں خلل ووٹر ٹرن آؤٹ کو متاثر کرے گا، موبائل نیٹ ورک الیکشن کے دن کے لیے اہم ہے اور ہم ای سی پی پر زور دیتے ہیں کہ وہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کو بحال کرنے کے لیے فوری کارروائی کرے، موبائل نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کی فوری بحالی الیکشن 2024 کے آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کے لیے ای سی پی کے عزم کو ظاہر کرے گی۔
 دوسری جانب موبائل فون سروس کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا،شہریوں کو درپیش مشکلات کے پیشِ نظر پاکستان تحریک انصاف الیکشن رابطہ سیل نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔

 خط پی ٹی آئی الیکشن سیل کے انچارج بیرسٹر علی طاہر نے لکھا جس میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس معطل ہونےسے شہریوں کومشکلات کاسامنا ہے،خط میں مزید لکھا گیا کہ این اے 238 پولنگ اسٹیشن المجید اسکول میں پولنگ شروع نہیں ہوئی اور عوام کی بڑی تعداد ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن پرموجود ہے۔

خط میں بیرسٹر علی طاہر نے الیکشن کمیشن سے فوری طور پر ملک میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنے اوراس معاملے پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔