جرمنی کی وزیر خارجہ سرکاری دورہ پر آج پاکستان پہنچیں گی

Jun 07, 2022 | 10:45:AM
جرمن وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، فائل فوٹو
کیپشن: جرمن وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)جرمنی کی وزیر خارجہ انالینا بیئربوک پاکستان کے سرکاری دورے پر آج بروز منگل 7 جون کو اسلام آباد پہنچیں گی۔ دو روزہ دورے کے دوران بیئربوک پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات کریں گی۔

ترجمان وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ انالینا بیئربوک پاکستان میں اپنے قیام کے دوران سول سوسائٹی اور دیگر حکومتی نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گی۔ جرمن وزیر خارجہ انالینا بیئربوک کا یہ غیر ملکی دورہ چار روزہ ہے اور اس دوران وہ پاکستان کے علاوہ ترکی اور یونان بھی جائیں گی۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دورے کے دوران دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ وفود کی سطح پر دو طرفہ امور پر بات چیت کریں گے اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان اور جرمنی نے 2021 میں سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل کر لئے۔ اس سنگِ میل کو دونوں فریقین نے شاندار انداز میں منایا، پاکستان اور جرمنی میں کئی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

جرمن وزارت خارجہ کے مطابق بیئربوک اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے اور جرمنی کی تنظیم برائے بین الاقوامی ترقی و تعاون جی آئی زیڈ کے عملے سے بھی ملنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔جی آئی زیڈ خاص طور پر ان افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے، جو افغانستان سے نکل کر پناہ کی تلاش میں پڑوسی ممالک میں مقیم ہیں۔ جرمن سفارت خانہ اور جی آئی زیڈ پریشانیوں کے شکار ان افغان باشندو‌ں کو پاکستان سے باہر بھجوانے میں بھی تعاون کر رہے ہیں۔

 پاکستانی اور جرمن رہنماؤں کے مابین اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت میں افغانستان کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔ انالینا بیئربوک ان افغان شہریوں سےبھی ملنے کا ارادہ بھی رکھتی ہیں، جو اس وقت پاکستان میں رہائش پذیر ہیں اور جن کی زندگی کی گاڑی جرمن امداد کے بل پر چل رہی ہے۔

اکتالیس سالہ بیئربوک 2021ء میں ہونے والے جرمن قومی انتخابات میں گرین پارٹی کی جانب سے چانسلر شپ کی امیدوار تھیں۔ تاہم مخلوط حکومت کی تشکیل کے بعد گزشتہ برس دسمبر میں انہیں وزیر خارجہ بنا دیا گیا تھا۔ وہ جرمنی میں وفاقی وزیر خارجہ کے عہدے پر فائز ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:    ہفتے کی چھٹی سے متعلق وفاقی کابینہ آج اہم فیصلہ کریگی