یوم تقدیس قرآن ، شہباز شریف نے احتجاج کی کال دے دی

Jul 07, 2023 | 08:51:AM
یوم تقدیس قرآن ، شہباز شریف نے احتجاج کی کال دے دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سوئیڈن میں قران پاک کی بےحرمتی کیخلاف آج ملک بھر میں یوم تقدیسِ قرآن منایا جائے گا،شہباز شریف نے پوری قوم کو احتجاج کی کال دے دی ۔ 

تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں  وزیر اعظم شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوے کہا کہ سوئیڈن واقعہ مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑوانے کی سازش ہے، پوری دنیا کو بتایا جائے کہ اسے کسی صورت برداشت نہیں کر سکتےایک خبیث اور لعنتی کو پولیس کی موجودگی میں مذموم حرکت کرنے کی اجازت دی گئی، ہمیں اس شخص کی خباثت کو نشان عبرت بنانا چاہیے، تمام سیاسی جماعتیں اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔

شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر پیغام بھی جاری کیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ قران کی بےحرمتی میں ملوث شخص کو نشان عبرت بنانا چاہیے،تمام ممالک کو سمجھنا چاہیے کہ مسلمان اب اس حرکت کو برداشت نہیں کریں گے،  اگر آئندہ کسی نے ایسی حرکت کی تو کوئی ہم سے گلہ نہ کرے۔

یہ بھی پڑھیں :بلوچستان سے  پی ٹی آئی کا صفایا

واضح رہے کہ گزشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی،اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سویڈن واقعے کیخلاف مذمتی قرارداد وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی،قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کرتا ہے، سویڈش حکومت واقعے میں ملوث شخص کیخلاف قانونی کارروائی کرے اور یقین دہانی کرائی جائے کہ مستقبل میں ایسے واقعات رونما نہیں ہوں گے۔

 مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلاموفوبیا پر مبنی واقعات دوسرے مذاہب کیخلاف واقعات کی طرح ڈیل کیے جائیں، ایوان مقدس شعائر، کتابوں اور شخصیات کی توہین کی مذمت کرتا ہے۔

 قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایوان اسلامو فوبیا کیخلاف کام کرنے کیلئے مؤثر پالیسی بنائے جانے کی حمایت کرتا ہے، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا جس کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 25 جولائی کی شام 5 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔