ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ماں باپ کا جھگڑا 4 بچوں کی جان لے گیا

ماں نے باپ پر اور باپ نے ماں پر بچوں کو زہر دینے کا الزام لگا دیا، پولیس نے تفتیش کے لیے باپ اصغر کو گرفتار کر لیا

Apr 05, 2024 | 13:28:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مبشر نقوی)ماں باپ کا جھگڑا 4 بچوں کی جان لے گیا، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بیٹی کے رشتے کے تنازع پر ماں باپ کا جھگڑا ہوا، ماں اور 4 بچوں کو زہر دے دیا گیا۔ ایک بیٹا اور 3 بیٹیاں جاں بحق، چوتھی بچی اور ماں نادیہ کی ہسپتال میں حالت تشویشناک، ماں نے باپ پر اور باپ نے ماں پر بچوں کو زہر دینے کا الزام لگا دیا، پولیس نے تفتیش کے لیے باپ اصغر کو گرفتار کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاندان ٹوبہ ٹیک سنگھ کے علاقے چک نمبر 520 کا رہائشی ہے۔ زیریلی چائے پینے سے ماں نادیہ سمیت 5 بچوں کی حالت غیر ہونے پر اُنہیں ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا  جہاں 17 سالہ ثانیہ،18 سالہ مدیحہ، 10 سالہ اقرا اور 7 سالہ علی حسن انتقال کرگئے ۔جبکہ ماں نادیہ اور بیٹی اقصیٰ کو الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

مزید پڑھی:  پنجاب حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا اعلان کردیا، نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب نادیہ بی بی کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہم میاں بیوی کا گزشتہ روز جھگڑا ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے چائے میں شوہر نے زہر ملایا  تھا۔ چائے پینے کے بعد حالت غیر ہوئی۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ معاشی حالات بُرے ہیں۔ شوہر اصغر، بیٹیوں کے رشتے کے باعث آئے روز گھر میں جھگڑا کرتا تھا۔پولیس نے باپ اصغر کو گرفتا ر کرلیا ۔

اسسٹنٹ کمشنر سمیر علی ،اے ڈی سی جی ذیشان لبھا ہسپتال پہنچ گئے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذیشان لبھا مسیح نے بتایا کہ پوری فیملی کو چائے میں ملا کر زہر دیا گیا، پولیس انویسٹی گیشن کر رہی ہے جلد ہی حقائق سامنے آ جائیں گے۔

اے ایس پی محمد فہیم کا کہنا تھا کہ تھانہ صدر کی حدود میں فیملی میں چھ افراد کو زہر دی گئی ہے،  پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے،  پولیس انویسٹی گیشن کر رہی ہے،جلد ہی حقائق سامنے آئے جائے گئے۔