سٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اعداد و شمار ویب پورٹل پر جاری کردیئے

Jul 03, 2021 | 22:19:PM
سٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے اعداد و شمار ویب پورٹل پر جاری کردیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز)سٹیٹ بینک نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی پیش رفت پر اعدادوشمار کا اجرا شروع کردیا ہے جس کے مطابق جون 2021 میں میں ریکارڈ رقم کی آمد ہوئی ہے۔
سٹیٹ بینک نے اپنے اہم پالیسی اقدامات میں شفافیت لانے کے عزم کے مطابق آج سے روشن ڈجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کی پیش رفت کے بارے میں باقاعدگی سے اعدادوشمار جاری کرنے شروع کردیئے ہیں۔ آر ڈی اے میں شامل بینکوں کی انفرادی رپورٹوں پر مبنی اعدادوشمار یکجا کرکے ایک نئے ویب پیج پر عوام کو مہیا کردیئے گئے ہیں۔
سٹیٹ بینک کے مطابق 10 ستمبر 2020 کو وزیر اعظم پاکستان نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کا افتتاح کیا تھا۔ سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے اس سکیم میں کافی دلچسپی کا مظاہرہ کیا گیا۔ آج جاری کردہ نئے ویب پیج کے مطابق جون 2021 تک دنیا بھر میں 171 ممالک سے 181556 اکاؤنٹس کھولے گئے، اور 1 اعشاریہ 562ارب ڈالر ان اکاؤنٹس میں جمع کرائے گئے۔
ویب سائٹ پر آن لائن کھولے گئے اکاؤنٹس کی تعداد، ڈ یپازٹس اور نیا پاکستان سرٹیفکیٹس (این پی سیز) اورسٹاک مارکیٹ کا ماہانہ رجحان دکھایا گیا ہے۔ اعدادوشمار سے پچھلے چند ماہ کے دوران ان تمام پہلوؤں میں تیزی کا رجحان نظر آتا ہے۔
جون 2021 میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے آغاز سے اب تک ڈیپازٹس کی بلند ترین رقم (310 ملین ڈالر) اوراین پی سی کی بلند ترین ماہانہ سرمایہ کاریاں (233 ملین ڈالر) آئیں۔ جون 2021 تک نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 1050 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی جس میں 621 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری روایتی این پی سیز اور 429 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری اسلامک این پی سیز میں کی گئی۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک کا ایک تاریخی اقدام ہے جو بہت سہل انداز میں دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو پاکستانی مالی نظام اور معیشت سے جوڑتا ہے۔ پہلی مرتبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مکمل طور پر ڈیجیٹلی اپنے ملک میں بینک اکاؤنٹ کھولنے کا موقع ملا ہے جس کیلئے کسی بینک برانچ یا سفارت خانے جانے کی ضرورت نہیں۔
اس اکاؤنٹ کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان میں ہر قسم کی بینکاری کرسکتے ہیں جن میں اپنے خاندان کے سکول اور یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی، فنڈ ٹرانسفر، ای کامرس، ’روشن اپنی کار‘ کے ذریعے کار فنانسنگ اور ’روشن سماجی خدمت‘ کے ذریعے فلاحی عطیات دینا شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مہنگائی آسمان کو چھونے لگی، گھی 15روپے فی کلو مہنگا