ہمیں ہر قسم کے اختلافات بھلا کر آگے بڑھنا ہے: وزیراعظم

Feb 03, 2023 | 11:36:AM
وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشتگردی پر مل کر قابو پائیں گے، مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے کہ دہشتگردی پر مل کر قابو پائیں گے، مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائینگے، ہمیں ہر قسم کے اختلافات بھلا کر آگے بڑھنا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں نے مسجد میں نمازیوں کو شہید کیا، مسجد میں دھماکا ہونے سے پوری قوم سوگوار ہے، چند سال قبل دہشتگردی پر قابوپالیا گیا تھا، شہدا کے ایصال ثواب اور لواحقین سے اظہار یکجہتی اجلاس کا مقصد ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک افواج نے دہشتگردی کیخلاف بے شمار قربانیاں دیں، پاک فوج کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، پوری قوم دہشتگردی کیخلاف متحد ہے، دنیا پاکستانی قوم کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے، تاریخ ہمیشہ شہدا اور ہیروز کو یاد رکھے گی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں بھی اگر کوئی شخص شہید ہوتا ہے توہ وہ بھی پاکستانی ہے، کے پی کو 417 ارب روپے دیئے، کہاں گئے ؟ سیف سٹی 14 ارب روپے میں بنایا، وفاق ہمیشہ صوبوں کیساتھ چلنے کیلئے تیار ہے، 417 ارب روپے کی اکاؤنٹبلٹی ہونی چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب ہے نہ کوئی ملک، ملک اس وقت مشکلات کا شکار ہے، دہشتگرد انسانیت پر حملہ آور ہوتے ہیں، دہشتگردوں کو کچلنے کیلئے ہرممکن کوشش کی جائے گی، قوم سوال کر رہی ہے دہشتگردی دوبارہ سر کیوں اٹھا رہی ہے؟ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اتحاد ضروری ہے، کل تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو بلایا ہے۔