فردو س عاشق اور اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کا معاملہ ، خاتون افسر کا تبادلہ کہاں کر دیا گیا ؟

Jun 02, 2021 | 19:06:PM
 فردو س عاشق اور اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کا معاملہ ، خاتون افسر کا تبادلہ کہاں کر دیا گیا ؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24 نیوز )وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر کے درمیان رمضان المبارک میں پیش آنے والے واقعہ کے ایک ماہ بعد بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق واقعہ کی تحقیقات میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف کی غفلت سامنے آئی ہے جس کے پیش نظر ان کا تبادلہ پنڈ دادن خان میں کر دیا گیاہے ،سونیاصدف کی جانب سے سیالکوٹ کی اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے سے ہٹائے جانے پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا گیاہے۔
تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ اسسٹنٹ کمشنر سونیاصدف واقعہ کی ذمہ دار قرار پائی ہیں کیونکہ وہ اپنی ایئر کنڈیشن گاڑی میں براجمان تھیں جس وقت خاتون خریدار نے رمضان بازار میں ناقص سبزیوں اور پھلوں کی فروخت کی شکایت کی۔فردو س عاشق اعوان سیالکوٹ کے رمضان بازاروں کا دورہ کرنے کیلئے آئیں تو انہیں خاتون کی جانب سے رمضان بازار میں اشیاءکی کوالٹی سے متعلق شکایت کی گئی۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی سامنے آئی تھی فردوس عاشق اعوان کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر کی سرزنش کی گئی۔معاملہ سامنے آنے پر معاون خصوصی نے عثمان بزدارسے ملاقات کی اور معاملے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:پہلی سے آٹھویں جماعت تک کے امتحانات کا حتمی شیڈول تیار